حال ہی میں منگنی کرنے والی بھارت کے مقبول ترین کامیڈین پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ سے شہرت پانے والی خاتون کامیڈین اسٹار سوگندھا مشرا نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی چاہتی تھیں کہ اُن کی شادی کی تقریب گرینڈ ہو اور اپنی شادی پر 10 کلو کا لہنگا پہنیں لیکن کورونا وائرس نے سب برباد کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’دی کپل شرما شو‘ کی خاتون کامیڈین اسٹار سوگندھا مشرا نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’وہ رواں ماہ 26 اپریل کو اداکار سنکیت بھوسلے کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گی۔‘
سوگندھا مشرا نے کہا کہ ’میں نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنی شادی کی شاپنگ شروع کی تھی اور اب میری تمام شاپنگ مکمل ہوگئی ہے جبکہ یہ تمام شاپنگ کورونا وائرس کی وجہ سے آن لائن کی گئی ہے۔‘
کامیڈین اسٹار نے کہا کہ ’میں اپنے شادی کے جوڑے کے حوالے سے ہمیشہ سے ہی کافی فکرمند تھی اور میں چاہتی تھی کہ میری شادی کی ایک گرینڈ تقریب منعقد ہو اور میں اس میں 10 کلو کا لہنگا پہنوں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اب کورونا وائرس کی وجہ سے شادی کی تقریب میں چند لوگ ہی شرکت کرسکیں لیکن مجھے فرق نہیں پڑتا، میں اب بھی 10 کلو وزنی لہنگا زیب تن کروں گی۔‘
سوگندھا مشرا نے مزید کہا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے، میں نے اور سنکیت نے گزشتہ سال شادی نہیں کی اور اس بار جب ہم نے ساری تقاریب کی تیاریاں کرلی تھیں تو بھارت میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگ گیا جس کا بےحد افسوس ہے۔‘
واضح رہے کہ ’دی کپل شرما شو‘ ناصرف بھارت میں مقبول ہیں بلکہ سرحد کے اِس پار یعنی پاکستان میں بھی اس شو کو خوب مقبولیت ملی ہے۔
اس شو میں پاکستان سے اب تک وسیم اکرم بمعہ اہلیہ شنیرا اکرم، شعیب اختر، راحت فتح علی خان، فواد خان اور شعیب ملک بمعہ اہلیہ ثانیہ مرزا، مومل شیخ سمیت دیگر ممتاز شخصیات شرکت کرچکی ہیں۔