• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنشن فنڈ میں دھوکہ،فراڈیوں نے رواں سال پہلی سہ ماہی میں1.8ملین پونڈ ہتھیالئے

لندن (وجاہت علی خان) کوویڈ 19 میں جہاں حکومت کو اربوں پونڈزکا نقصان اٹھانا پڑا ہے وہاں فراڈیوں نے پنشن کی دھوکہ دہی سے رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ہی 1.8 ملین  پونڈز ہتھیا لئے ۔ ’’ڈپارٹمنٹ آف ایکشن فراڈ‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال تقریباً دو ملین  پونڈزکی رقم دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی، مذکورہ ڈپارٹمنٹ نے پنشنرز کو محتاط رہنےکی ہدایت کی ہے، ادارے کو گزشتہ تین ماہ کے دوران اس قسم کی 107 شکایات موصول ہوئی ہیں جوکہ 2020ء کے مقابلہ میں 45 فیصد زائد ہیں۔ ادارے نے قومی سطح پر پنشنرز کیلئے ایک بیداری مہم شروع کی ہے تاکہ لوگ اپنی پنشن کے انتظامات میں تبدیلی کرنے سے پہلے مکمل تحقیقات ضرور کرلیں۔ ایکشن فراڈ کے سربراہ پولین سمتھ نے کہا ہے کہ پنشن فراڈ کرنے والے ملزم اس قسم کی دھوکہ دہی کرتے وقت اپنے مالی فائدے کیلئے پنشنرز کو ان کی زندگی بھر کی پونجی سے محروم کردیتے ہیں اور خود کو قصوروار بھی نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ اس قسم کے فراڈ سے معاشی اور جذباتی دونوں قسم کے افسوس ناک اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس فراڈ کا شکار ہونے والوں کو فوری طور پر اس کی اطلاع ’ادارے‘ کو دینی چاہئے کیونکہ اس سے پولیس کو ان دھوکہ بازوں کو پکڑنے میں مدد ملتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ممکن ہے پنشن فراڈ کے واقعات اس سے بہت زیادہ ہوں جتنے کہ رپورٹ ہو رہے ہیں کیونکہ بہت سے پنشنرز کو علم ہی نہیں ہوتا کہ ان کے ساتھ فراڈ ہو رہا ہے اور بہت سوں کو کافی سال بعد پتا چلتا ہے لیکن دھوکہ دہی کا شکار ہونے والوں میں ہر شعبہ زندگی کے افراد شامل ہیں، فنانشل کنڈکٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر مارک سٹیورڈ نے کہا کہ خود کو دھوکہ سے بچانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ کس کے ساتھ ڈیل کررہے ہیں، ہر وقت ’’ایف سی اے‘‘ کے رجسٹرڈ کی جانچ پڑتال کرتے رہیں، نمبر متوقع اور غیر منقولہ پیشکشیں، مفت پنشن جائزے، اعلیٰ منافوں کے وعدے کرنے والوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور ہمارے ادارے کی ویب سائٹس سے استفادہ کریں یا فون نمبر 08001116768 پر رابطہ کریں ’’ایف سی اے‘‘ ڈپارٹمنٹ آپ کو گائیڈ کرے گا یا www.fca.org.uk/scamsmart پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے، اگر آپ کو لگے کہ آپ سے دھوکہ ہوا ہے تو 03001232040 فون نمبر پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین