وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ایف آئی اےکا دفتر عید اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ نون کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بند دفتر میں وہ چٹھیاں پھینکتے رہے ہیں، درخواست جمع کرانے کے فورم پر درخواست جمع کرانا ان کو ناگوار گزرتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ میں ان سے پوچھتی ہوں کہ آپ کے کاروبار باہر، جائیدادیں، اولادیں، عزیز و اقارب باہر ہیں، عید بھی آپ ملک سے باہر منانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ جو قیادت عید بھی اس ملک میں منانا توہین سمجھے وہ کیسی قوم سے مخلص ہو سکتی ہے؟ ان سے کہتی ہوں ایک عید کا مزا یہاں بھی چکھ لیں، حکومت عوام کو جوابدہ ہے۔