پاکستان شوبز انڈسٹری کے متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ڈپریشن کا شکار نوجوان اداکار قاسم خان نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں خودکشی کا اشارہ دیا ہے۔
حال ہی میں قاسم خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں ایک جذباتی پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے اپنی ذہنی کیفیت سے آگاہ کیا۔
قاسم خان نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کہا کہ ’اُداسی میرے سر پر چڑھی ہوئی ہے۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ڈپریشن، ذہنی دباؤ وغیرہ کے بارے میں مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا۔‘
اُنہوں نے خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے نوجوان بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’کیوں نا سشانت کی طرح، میں بھی خود کو پھانسی دے دوں۔‘
قاسم خان کا یہ سوشل میڈیا پیغام دیکھنے کے بعد واضح ہے کہ وہ اس وقت شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں تاہم اُنہوں نے ابھی تک ڈپریشن میں مبتلا ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔
واضح رہے کہ قاسم خان نے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے متعدد ڈراموں میں معاون کردار ادا کرکے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
اس سے قبل اداکارہ مشال خان کی جانب سے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر شیئر کی گئی تھیں جن میں مشال خان کی تیسری انگلی میں خوبصورت انگوٹھی کو بھی جگمگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس تصویر کے بعد یہ خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ اداکارہ مشال خان اور اداکار قاسم خان تعلق میں ہیں اور انہوں نے منگنی کرلی ہے تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔
یاد رہے کہ 34 سالہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت گزشتہ سال 14 جون کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
سوشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔