• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میٹرو پراجیکٹ، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سمیت دیگر امور کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آ باد ( ر انا غلام قادر نیوز رپورٹر) سی ڈی اے نے پشاور موڑ سے نیو اسلام آ باد ائر پورٹ تک میٹرو بس پراجیکٹ کیلئے کنسلٹنٹ فرم کی خدمات ہائر کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ہائرنگ کیلئے سی ڈی اے نے 30مئی تک درخواستیں طلب کرلی ہیں ۔ کنسلٹنٹ فرم دو ماہ میں انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم ( ITS) ڈیزائن کرے گی۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ڈیزائن کرے گی۔ٹکٹنگ سسٹم ‘ سکیورٹی سسٹم اور نگرانی کا ڈیزائن تیار کرے گی اوران کا کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کیلئے بڈنگ ڈاکومنٹ تیار کرے گی۔پشاور موڑ سے نئے اسلام آ باد ایئر پورٹ تک کل فاصلہ 25.6 کلومیٹر ہے، اس پر سات اسٹیشن ہیں اور ائر پورٹ پر اوپن پلیٹ فارم ہے۔ پہلا اسٹیشن این ایچ اے آفس دوسرا جی ٹین،تیسراجی الیون ،چو تھا نسٹ اسٹیشن، پانچواں جی تیرہ چھٹا گولڑہ موڑ اور ساتواں جی چودہ اسٹیشن ہوگا۔میٹرو بس کیلئے سڑک اور اسٹیشنز کا کام تقریباً مکمل ہے۔ فنشنگ کا کام باقی ہے۔ این ایچ اے نے سی ڈی اے سے کہا ہےکہ پہلے سیکیورٹی کا انتظام کیا جا ئے تاکہ ان سٹیشنز سے چیزیں چوری نہ ہوں ۔ سی ڈی اے نے سیکورٹی فرم کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ٹینڈر دیاتھا ۔ یہ آفرز 4مئی کو وصول کی گئیں ۔ چار سیکیورٹی فرموں نے اپلائی کیا ہے ۔ سیکورٹی فرم کوکنٹریکٹ دینے کے بعد این ایچ اے سے کہا جا ئے گا کہ وہ واش رومز میں فکسچرز لگوادیں اورباقی کام کرادیں ۔ سی ڈی اے نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور بس ڈپو کی تعمیراور 30بسوں کی خر یداری کیلئے پی سی ون بنایا ہے جس کی لاگت ایک ارب 90 کروڑ روپے ہے۔میٹرو بس پراجیکٹ کا پورا نظام کمپیو ٹرائزڈ ہوگا۔کنسلٹنٹ جون میں ہائر ہوگا ۔ دو ماہ ڈیزائننگ میں لگیں گے ۔ اس کے بعد چھ ماہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ‘ انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم اور بس ڈپو کی تعمیر اور بسوں کی خریداری میں لگیں گے، اس کے بعد یہ پراجیکٹ آپریشنل ہو جا ئے گا۔اس نظام کو چلانے کیلئے اسلام آ باد ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بنے گی جس کے قیام کیلئے قانون سازی ہو گی ۔ کابینہ کی قانو ن سازی سے متعلق کمیٹی اور وزارت قانون نے اس بل کو کلیئر کر دیا ہے،اب وفاقی کابینہ نے اس بل کیلئے آرڈی ننس کے اجراء یا پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظور ی دینی ہے۔ میٹرو بس کے چلنے سے اسلام آ باد اورراولپنڈی کے شہریوں کو نیو اسلام آ باد ایئر پورٹ جانے کیلئے سستی اور معیاری سہولت میسر آ جائے گی۔
تازہ ترین