راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں ڈولفن فورس ہیڈکوارٹرکی نئی عمارت کی تکمیل کے لئے دوکروڑروپے کی گرانٹ جاری کردی ۔ مورگاہ کے علاقہ میں ڈولفن فورس راولپنڈی کے لئے دفاتر،رہائش اورموٹرسائیکلوں کے لئے 16کنال پرمحیط رقبہ میں تین منزلہ عمارت اورشیڈ تعمیرکئے گئے ہیں اور دوسال پہلے اس منصوبے کاتقریباً95فی صدکام مکمل ہوگیاتھا ، بلڈنگ میں بجلی کاکنکشن بھی لگ چکاہے اب صرف باؤنڈری وال کی تعمیررہ گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دوسال سے فنڈزکااجراء نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کام رکاہواتھا اورٹھیکیدارنے مزیدرقم کی ادائیگی تک کام کرنے سے انکارکردیاتھا ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس منصوبہ کی تکمیل کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے گرانٹ جاری کردی گئی ہے اورمتعلقہ حکام کوہدایت کی گئی ہے کہ کام جلدازجلدمکمل کیاجائے۔