کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے طیارے پی کے 8303 کے حادثے کو ایک سال مکمل ہوگیا۔
طیارہ حادثے کا ایک سال مکمل ہونے پر ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ (اے اے آئی بی) نے بیان جاری کردیا ہے۔
اے اے آئی بی کے مطابق پی کے 8303 طیارہ حادثے کی تحقیقات میں فرانسیسی ایئربس ماہرین اور امریکی سیفٹی بورڈ سے معاونت جاری ہے۔
بیان کے مطابق اس معاملے میں یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی، جنرل الیکٹرک کے ماہرین سے بھی معاونت کررہے ہیں۔
اے اے آئی بی کے مطابق طیارہ حادثے پر غیر ملکی ماہرین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس اور مشترکہ اجلاس ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق پی کے 8303 حادثے پر ماہرین سے دستاویزات سمیت تکنیکی معلومات بھی شیئر کیں۔
اے اے آئی بی کے مطابق پاکستان، غیرملکی ماہرین نے تحقیقات کے لیے پی آئی اے اور سی اے اے ہیڈکوارٹرز کے دورے بھی کیے۔
بیان کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثے کی حتمی رپورٹ آخری مراحل میں ہے، رپورٹ تکمیل کے بعد حکومت کو ارسال کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔