کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ گھوٹکی ٹرین حادثہ انتہائی افسوسناک ہے، محکمہ ریلوے ٹرین حادثے کی تحقیقات کر کے وجوہات سامنے لے کر آئے گا، ایم ایل ون منصوبہ وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سی پیک میں شامل کیا گیا، ریلوے میں ایک سال میں سب سے زیادہ حادثات سعد رفیق کے دور میں ہوئے۔
وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان عبداللہ سلطان سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما قادرخان مندوخیل اور وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق بھی شریک تھے جبکہ نمائندہ خصوصی جیو نیوز امین حفیظ سے بھی گفتگو کی گئی۔
قادرخان مندوخیل نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ زیادہ اہم ہے تو پھر اس خستہ حال ٹریک پر ٹرینیں کیوں چلائی جارہی ہیں،پی ٹی آئی کا مکمل انحصار اوورسیز پاکستانیوں پر ہے، ان کا بس چلے تو اوورسیز پاکستانیوں کو وزیراعظم کا عہدہ بھی دیدیں، اوورسیز پاکستانیوں کے حق رائے دہی کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے۔