• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزدار کا بغیر پروٹوکول ہیڈ قادر آباد کا دورہ


پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول ہیڈ قادر آباد کا دورہ کیا اور بیراج میں پانی کی آمد اور اخراج کا جائزہ لیا۔

ہیڈ قادر آباد کے دورے کے دوران وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مون سون سیزن سے قبل ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے انتظامات میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وقت آنے پر نمائشی کام کرنا محکموں کی عادت رہی ہے، اب نہ ایسا ہوتا ہے نہ ہو گا۔

عثمان بزدار نے ہیڈ قادر آباد میں محکمہ آبپاشی کے ریسٹ ہاؤسز اور رہائشی عمارتوں کی بحالی کے لیے بھی ہدایات دیں۔

انہوں نے محکمہ آبپاشی کی کالونی سے بیراج تک سڑک کی ازسرِنو تعمیر کا حکم دیا۔

بریفنگ کے دوران وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ قادر آباد بیراج میں اس وقت پانی کا ذخیرہ 32 ہزار کیوسک ہے، قادر آباد بلوکی لنک کینال کو 22 ہزار کیوسک پانی دیا جارہا ہے اور 10 ہزار کیوسک پانی دریا میں چھوڑا جارہا ہے۔

پنجاب کے وزیرِاعلیٰ کی آمد پر مقامی افراد بھی وہاں پہنچ گئے، اس موقع پر عثمان بزدار لوگوں سے گھل مل گئے، ان کے مسائل سنے اور اپنے اسٹاف کو مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی ہدایات دیں۔

ایک بزرگ خاتون نے مسئلہ حل کرنے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو دعائیں دیں۔

تازہ ترین