اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں یورینیم اور ایٹمی مواد چوری ہونا شدید تشویش کا باعث ہے،بھارت ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے، پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ،ہماری پوزیشن واضح ہے، اسلامو فوبیا میں اضافے کے نتیجے میں کینیڈا میں چار پاکستانیوں کی جانیں گئیں، امارات سے ویزا پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے،سعودی ولی عہد کا دورہ حتمی تاریخ طے ہونے کے بعد ہو گا،افغانستان میں امن کیلئے تشدد میں کمی ضروری ہے افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں۔جمعرات کو صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت میں یورینیم چوری بھارتی باشندوں کی طرف سے کیا گیا اور بھارتی پولیس نے پکڑا بھارت اس معاملہ میں پاکستان کو کیسے بدنام کر سکتا ہے، بھارت اپنے ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے علاقائی و آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں پر تحفظات ہیں۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو خطوط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا ہے، ہم بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں مگر بھارت کے ساتھ تعلقات پر ہماری پوزیشن واضح ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ جی سیون جیسے منصوبے ترقی و تعاون کے فروغ کیلئے ہوں گے۔ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر پاکستان نے کامیابی سے عمل کیا ہے اور ان اقدامات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئیپاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی سطح پر رابطے موجود ہیں۔