• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ جام کمال سے حکومتی و اتحادی جماعتوں کے اراکین کی ملاقات

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے حکومتی و اتحادی جماعتوں کے اراکین نے ملاقات کی ہے۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سے حکومتی و اتحادی اراکین کی ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن کی ہنگامی آرائی اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران گفتگو اتحادی جماعتوں کے اراکین نے ہنگامی آرائی کے واقعے پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اپوزیشن کے رویے سے پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔

اس موقع پر حکومتی و اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میں احتجاجاً شرکت نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

حکومتی اراکین نے کہا کہ صوبے کی روایات کو کسی صورت پامال ہونے نہیں دیں گے، اسپیکر کے رویہ اور طرز عمل سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے روبرو اتحادی اراکین نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرتے تو یہ نوبت نہ آتی، اس عمل سے بجٹ سیشن متاثر اور اسمبلی کا تقدس بھی پامال ہوا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، بلوچستان کی تاریخ میں ایسا واقعہ رونما نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی ہم سب شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایوان کے تقدس کو اپوزیشن نے پامال کیا، اس معاملے کو بلوچستان عوامی پارٹی کی سطح پر اٹھائیں گے۔

تازہ ترین