• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برنالہ غیر قانونی اسلحہ کا گڑھ بن گیا، انتظامیہ خاموش

برنالہ (نمائندہ جنگ) سب ڈویژن برنالہ آزاد کشمیر میں غیر قانونی اسلحے کی سب سے بڑی منڈی بن گئی۔نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں اڑ گئیں ۔ انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ذرائع کے مطابق،اسلحہ ڈیلرز نے کروڑوں روپے کا غیر قانونی اسلحہ لوگوں کے گھروں،اور خفیہ مقامات پر  چھپا ر کھا ہے۔  جبکہ پنجاب میں ڈیروں پر غیر قانونی اسلحہ برنالہ ہی سے سپلائی کیا جاتا ہے۔ برنالہ، موئل،کوٹ جیمل اور کڈہالہ بازاروں میں غیر قانونی اسلحے کی غیر قانونی طریقے سے لین دین جاری ہے،بلکہ یہاں کے ڈیلرز پنجاب کے ڈیروں تک خود اسلحہ پہنچا کر آ تے ہیں،گجرات،سرائے عالمگیر، جہلم،سیالکوٹ اور کوٹلہ کے ڈیروں پر غیر قانونی اسلحہ یہاں ہی سے سپلائی کیا جاتا ہے۔عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ اس اہم عوامی معاملے کی طرف توجہ دے اور علاقے کو اس اہم خطرے سے عوام کو بچا یا جائے اور علاقے کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کیا جائے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اسلحہ ڈیلر قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی غرض سے دوکانوں کے شٹر بند رکھ کر غیر قانونی اسلحہ ڈیروں پر سپلائی کررہے ہیں۔حلقہ برنالہ میں قائم تمام اسلحہ ڈیلرز کی مختلف سیاسی وابستگیاں ہیں۔اور آزاد کشمیر میں انتخابات کی بھی آمد ہے  اور یہ اسلحہ ڈیلر آنے والے انتخابات کے پر امن قیام میں بھی بہت بڑی رکاوٹ ہیں۔اور یہ حلقہ برنالہ کا امن تباہ کر سکتے ہیں ۔کوٹ جیمل اور برنالہ بازار میں قائم ان اسلحہ ڈیلر کے ضلع گجرات،جہلم اور سیالکوٹ کے جرائم پیشہ اور اشتہاری لوگوں سے رابطے ہیں اور تمام غیر قانونی اسلحہ برنالہ ہی سے سپلائی ہوتا ہے ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مقامی پولیس کو یہ اسلحہ ڈیلر بھاری رشوت دے کر اور صحافت کا لبادہ اوڑھ کر بلیک میل کر کے یہ غیر قانونی دھندہ بھی کرتے ہیں ۔ان اسلحہ ڈیلر ز پر اس سے قبل کئی غیر قانونی اسلحہ فروختگی سمیت دیگر سنگین جرائم کے پرچے درج ہیں اورب یہ ان تھانوں کے اشتہاری بھی ہیں ۔اس لئے ان کے خلاف فوری کارروائی ہونی چاہئے۔
تازہ ترین