بالی ووڈ کی ماضی کی معروف اداکارہ نینا گپتا نے اپنے حوالے سے چھپنے والی ایک پرانی مگر ناقابل یقین خبر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر سخت صدمہ کا شکار ہوئیں۔
انھوں نے بتایا کہ خبر میں تحریر تھا کہ وہ کسی قالین کے شو روم میں بطور سیلز گرل ملازمت کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ نینا گپتا نے حال ہی میں اپنی آپ بیتی بعنوان سچ کہوں تو، شائع کی ہے، جس میں انھوں نے اپنی پیشہ وارانہ اور ذاتی زندگی میں پیش آنے والے اتار چڑھائو کا مکمل احاطہ کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں نینا گپتا نے بتایا کہ یہ عام سی بات ہے کہ آپکے بارے میں ناقابل یقین رپورٹ تحریر کی جائے، جس کی انھوں نے مذکورہ بالا مثال بھی دی۔
انھوں نے کہا کہ کئی مرتبہ تو پتہ بھی نہیں چلا کہ کیا جھوٹ میرے بارے میں لکھا گیا ہے، جب میں فلم انڈسٹری میں نو وارد تھی تو مجھے یاد ہے کہ میرے بارے میں ایک فلمی میگزین میں لکھا گیا کہ میں شیام آہوجا کی شاپ پر بطور سیلز گرلز کام کررہی ہوں۔
جبکہ میں شیام آہوجا کو جانتی تک نہیں تھی۔ میں اپنے ایک دوست سے پوچھا کہ شیام جی کون ہیں، تو اس نے بتایا کہ یہ قالین کے بڑے تاجر ہیں، دوست نے پوچھا کہ کیوں پوچھ رہی ہو؟ تو میں اسے پورا معاملہ بتایا۔