• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا میں تیزی، کئی ممالک میں لاک ڈاؤن، پابندیاں سخت


کورونا کیسز میں تیزی آنے کے باعث مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے، کئی ملکوں میں پہلے سے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی ہے۔

آسٹریلیا میں کورونا وائرس کی بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے باعث سڈنی میں آج سے 2 ہفتوں کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کورونا وائرس کے 10 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حالیہ مجموعی کیسز کی تعداد 110 ہو گئی ہے۔

آسٹریلیا کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے ترتیب دی گئی فہرست میں 125 ویں نمبر پر ہے، یہاں کورونا سے اب تک کُل اموات 910 ہوئی ہیں جبکہ اب تک اس کے 30 ہزار 495 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

ادھر نیوزی لینڈ نے بھی ویلنگٹن میں کووڈ 19 الرٹ میں منگل تک توسیع کر دی ہے۔

نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد صرف 26 ہے جبکہ یہاں اس کے اب تک کُل کیسز 2 ہزار 729 رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملائیشیا میں کورونا کیسز میں تیزی آنے کے بعد ملک میں نافذ لاک ڈاؤن میں توسیع کا امکان ہے۔

وزیرِ اعظم ملائیشیا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے یومیہ 4 ہزار کیسز سے تعداد کم ہونے پر ہی پابندیوں میں نرمی کی جائے گی۔

ملائیشیا میں کورونا سے اب تک 4 ہزار 884 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اس کے 7 لاکھ 28 ہزار 462 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب تھائی لینڈ کے 9 صوبوں میں نقل و حرکت سے متعلق پابندیوں میں سختی کی گئی ہے، بنکاک میں بند مقامات پر کھانا کھانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

تھائی لینڈ میں اب تک کورونا وائرس سے 1 ہزار 912 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ کُل 2 لاکھ 44 ہزار 447 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بنگلا دیش میں کل سے ملک بھر میں 7 دنوں کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

بنگلا دیش میں 14 ہزار 53 افراد کورونا وائرس کے باعث اپنی جانوں سے گئے ہیں جبکہ یہاں کُل کورونا مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 83 ہزار 138 ہو چکی ہے۔

تازہ ترین