• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سچل میں کباڑی کے اغوا، تاوان وصولی میں ملوث ڈی ایس پی معطل، تحقیقات کا آغاز


کراچی کے علاقے سچل میں صفورہ گوٹھ سے ایک کباڑی کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے کے الزام میں ڈی ایس پی فہیم فاروقی کو معطل کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ریپڈ رسپانس فورس سید علی رضا کے مطابق ڈی ایس پی فہیم فاروقی کی معطلی کے احکامات ایڈیشنل آئی جی سندھ ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے جاری کئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے ہی ڈی ایس پی فہیم فاروقی کے اور ان کے ساتھی 3 پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کے انہی احکامات کے تحت ڈی ایس پی فہیم فاروقی سے فوری طور پر واردات میں ملوث کی گئی پولیس موبائل بھی واپس لے لی گئی ہے۔

آر آر ایف کے ایس ایس پی سید علی رضا اس واقعہ تحقیقاتی افسر مقرر کیے گئے ہیں، جو کل سے کام شروع کر دیں گے۔

فہیم فاروقی نے سچل سے کباڑی کو اغوا کرکے تاوان وصول کیا تھا، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ویڈیو کی بنیاد پر ڈی ایس پی اور ساتھی اہلکاروں کے خلاف سچل تھانے میں زیر دفعہ 365 اے مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

تازہ ترین