وقت کے ساتھ، عمر ڈھلنے کے عمل کے دوران چہرے کی جِلد سب سے پہلے ڈھلنا شروع ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں چہرے پر جھریاں آ جانے کے سبب انسان اپنی عمر سے قبل ہی بوڑھا نظر آ نے لگتا ہے جس کا علاج با آسانی گھر بیٹھے بغیر پیسے خرچ کیے کیا جا سکتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ چہرہ انسان کی شخصیت کا آئینہ ہوتا ہے، ہر کوئی خوبصورت اور جوان نظر آنا چاہتا ہے خصوصاً یہ خواہش خواتین میں زیادہ پائی جاتی ہے، کسی سے بھی ملتے وقت پہلی نظر چہرے پر پڑتی ہے اور اس دوران ہی انسان کی شخصیت سے متعلق متعدد مفروضے قائم کر لیے جاتے ہیں۔
سب سے اہم بات جب سے دنیا بھر میں اسمارٹ فون کا استعمال بڑھا ہے اس کے نتیجے میں تقریباً ہر مرد و عورت کو ’سیکنڈ چِن‘ کا مسئلہ بھی درپیش ہے، اس کے علاوہ ہر وقت نیچے دیکھنے کے نتیجے میں چہرے کی ساخت میں بھی واضح فرق پڑا ہے جو کہ خاصا بد نما لگتا ہے۔ سیکنڈ چن ساری شخصیت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے اور خاص کر اس سے چہرے کی خوبصورتی ماند پڑ جاتی ہے، اس کا علاج بھی چہرے کا مساج کرنے میں موجود ہے۔
جو افراد اپنی دیکھ بھال اور چہرے کو خوبصورت بنانے اور اس کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے محنت کرتے ہیں اُن کی محنت صاف نظر آتی ہے اور یہ دوسروں کی آنکھوں کو بھی بھاتی ہے جبکہ مرجھائی، داغ دار اور لٹکی ہوئی جِلد کسی کو پسند نہیں آتی۔
ہر عمر میں اپنا چہرہ تروتازہ و شاداب رکھنے کے لیے ضروری نہیں کہ بیوٹی پارلر کا ہی رُخ کیا جائے، مہنگی پراڈکٹس اور چہرے پر مساج کے لیے مارکیٹ میں دستیاب آلات کا ہی سہار لیا جائے بلکہ گھر میں ہی رہتے ہوئے کسی اچھے تیل یا کلینزنگ سے چہرے کا مساج کر کے اسے مزید خوبصوت بنایا جا سکتا ہے جبکہ اس عادت کو معمول بنانے کے نتیجے میں انسانی چہرے کے خدو خال مزید خوبصورت اور تیکھے ہو جاتے ہیں جو سب ہی کو اچھے لگتے ہیں۔
چہرے پر مساج کے نتیجے میں حاصل ہونے والے فوائد:
چہرے پر مساج کرنے سے خون میں روانی آتی ہے اور یہ روانی جلد کو خشکی سے محفوظ رکھتی ہے، ماہر آرائش حُسن کے مطابق اگر باقاعدگی سے مساج کیا جائے تو نا صرف حلقے اور جھریاں ختم ہوتی ہیں بلکہ جلد کی لچک اور رنگت میں بھی بہتری آتی ہے، مساج ذہنی وجسمانی تھکاوٹ کو دور بھی کرتا ہے ۔
مساج سے بہترین نتائج اسی صورت میں حاصل ہوتے ہیں جب یہ بالکل صحیح طر یقے سے کیا گیا ہو، مساج کرنے سے قبل اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ آپ کےچہرے پر کسی قسم کا انفیکشن ،سوجن یا زخم موجود نہ ہو۔
چہرے پر مساج سے فوائد حاصل کرنے سے متعلق چند ٹپس مندرجہ ذیل ہیں جن پر عمل کر کے آپ بھی اپنے چہرے کے خدو خال اور جلد کو خوبصورت بنا سکتی ہیں۔
خشک جلد کی حامل خواتین چہرے پر بالائی سے مساج کر سکتی ہیں، کوشش کریں کہ بالائی کو ٹھنڈا کرکے استعمال کریں یہ چہرے کے داغ دھبے دور کرتی ہے ۔
شہد میں بالائی ملاکر رات کو سوتے وقت لگائیں ، کچھ دیر کے بعد ہلکاسا مساج کریں اور چہرہ تھنڈے پانی سے کسی اچھے فیس واش سے دھو لیں، اس نے نہ صرف رنگت میں نکھار آئے گا بلکہ دانوں اور داغ دھبوں میں بھی فرق پڑ ے گا۔
ایک انڈے کی سفیدی اور ایک کھانے کا چمچہ شہد مکس کرکے چہرے اور گردن کا آہستہ آہستہ مساج کریں، اس سے آپ کی جلد میں چمک آجائے گی ۔
دودھ میں عرق لیموں ملا کر صبح وشام چہرے پر مساج کرنے سے چہرے کی رنگت نکھرتی ہے۔
چند قطرے عرق گلاب کے ہتھیلی پر لگا چہرے پر مساج کریں، اس سے جلد میں چمک آئے گی اور ساتھ میں چہرے پر شادابی بھی آئے گی۔
ایک کھانے کا چمچہ روغن بادام میں آدھا لیموں کا رس ملا کر روزانہ ہاتھوں اور چہرے کا مساج کریں، اس سے جلد ملائم ہوجائے گی۔
انڈے کی زردی شہد اور روغن بادام ملا کر مکسچر بنالیں، اس سے ہاتھوں اور چہرے کا مساج کریں اس سے جلد چمک دار ہوجائےگی۔
ایک چمچہ دہی اور ایک چمچہ چینی برابر مقدار میں لے کر اچھی طرح مکس کرلیں، اس سے چہرے کا مساج کریں اور پانچ منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھولیں ۔
زیتون کاتیل ہلکا سا گرم کر کے ہلکے ہاتھوں سے چہرے پر مساج کریں ۔
نیم گرم روغن بادام میں چند قطرے قطرے عرق گلاب ملا کر چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں، یہ عمل پانچ منٹ تک جاری رکھیں، اس سے چہرے پر نمودار ہونے والی جھریوں کا خاتم ہو جائیں گی۔
بالائی میں تھوڑی سی ہلدی ملا کر چہرے کا مساج کریں، اس سے نہ صرف جلد کی خشکی ختم ہوگی بلکہ رنگت میں بھی نکھار آئے گا۔
بادام کی گریوں میں خشخاش اور عرق گلاب ملا کر چہرے پر لگائیں، پھر نیم گرم پانی سے منہ دھو کر عرق گلاب لگالیں، اس سے چہرے پر رونق آجائے گی۔
بیسن میں تھوڑا سا سرسوں کا تیل ملا کر آہستہ آہستہ چہرے پر ملیں، یہ چہرے پر ہونے والے دانوں کے لیے مفید ہے ۔
گلیسرین میں لیموں کا رس ملا کر روزانہ چہرے پر مساج کریں، اس سے نہ صرف رنگت میں نکھار آئے گا بلکہ کیل مہاسوں کے لیے بھی بہترین ہے۔
پانی میں سرکہ ملا کر مساج کریں، اس کے استعمال سے چہرے پر شادابی اور چمک آجائے گی، رنگت گلابی ہو جائے گی۔