سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو ان کے انداز میں جواب دینے کا اعلان کردیا۔
باغ آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیسی بات کرو گے، ویسا جواب ملے گا۔
وزیراعظم کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ جنید صفدر کیمبرج میں پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے، وہ نواز شریف کا نواسا ہے، گولڈ اسمتھ کا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب نوٹ کا وقت چلا گیا، ووٹ کو عزت دینے کا وقت آگیا۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو مائنس کرنے والوں، آزاد کشمیر آکر دیکھ لو، عوام نے انہیں پلس کردیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تم تین سال سے حکومت کر رہے ہو، یہ کبھی بھی ووٹ سے الیکشن نہیں جیتے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ ان کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ ہارنے کے بعد اب ان کی نظر آزاد کشمیر پر ہے۔
مریم نواز نے اس سے قبل بھمبر کوٹ میں جلسے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کے ہفتے کے جلسے کو ناکام قرار دیا تھا۔