وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے جلسوں نے آزاد کشمیر الیکشن کو یکطرفہ بنادیا ہے۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ کوتمام حلقوں کے لیے امیدوار تک نہیں ملے، آزاد کشمیر کا الیکشن تحریک انصاف جیتےگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کےجلسوں سےلگتا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن یکطرفہ ہو گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری غیر سنجیدہ سیاسی قیادت ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج ہوچکا ہے، ٹیکسی ڈرائیور کو حراست میںلےکر تفتیش جاری ہے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء سے متعلق حقائق جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ داسو واقعے سے پاک چین تعلقات متاثر نہیں ہوسکتے، داسو ڈیم پر کام مزید تیز کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور چین کا دشمنوں کو پیغام ہے کہ ہم کارروائیوں کو ناکام بنا کر کام کریں گے۔