دبئی (سبط عارف) دبئی میں پاکستان قونصل خانے نے اسٹیٹ آف دی آرٹ کالنگ سینٹر قائم کردیا تاکہ عوام کو تیز اور بروقت قونصلر سروسسز کی معلومات فراہم کی جاسکے۔ دبئی میں پاکستان کے قائم مقام قونصل جنرل گیان چند نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں 118سفارتی مشنز ہیں البتہ دبئی میں پاکستان قونصل خانہ پہلا سفارتی مشن ہے جہاں نہ صرف عوام بلکہ غیر ملکی افراد کو قونصلر خدمات کی معلومات کیلئے “ ملٹی ٹیلی فون لائن کالنگ سینٹر” قائم کیا گیا ہے جہاں عوام کو اردو انگریزی اور پاکستان کی مقامی زبانوں میں بھی معلومات فراہم کرنے کیلئے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے قونصلر خدمات سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے ایک ٹیلی فون لائن دستیاب ہوا کرتی تھی مگر اب پانچ افراد کالنگ سینٹر پر تعینات کئے گئے ہیں جو صبح سے شام تک اوورسیز پاکستانیوں کو فون کے ذریعہ معلومات دیتے ہیں جبکہ ایمرجنسی ٹیلی فون سروس رات گئے تک دستیاب ہوگی۔ قائم مقام قونصل جنرل گیان چند نے مزید بتایا کہ کالنگ سینٹر میں تمام افراد کو کسٹمر سروس کی مناسب تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ عوام کو مناسب اور بروقت معلومات مل سکے۔ کالنگ سینٹر میں تعینات عملے نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے لئے ماحول انتہائی سازگار ہے اور ہزاروں بین الاقوامی سیاح پاکستان جانے کے خواہشمند ہیں اور پاکستانی ویزے کے حصول کیلئے فون کرتے ہیں جن کو معلومات فراہم کی جارہی ہے۔ گیان چند نے پاکستان قونصل خانے دبئی میں نئی سہولتوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سفارتی مشن میں ایک “نرسنگ روم” بنایا گیا ہے جہاں مائیں چھوٹے بچوں کی ضروریات پوری کرسکیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ ایک اور “ نرسنگ روم” قونصل خانے میں تعمیر کیا جارہا ہے جو جلد مکمل ہوجائے گا۔