• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منال خان نے اپنی والدہ کی شکایت دور کردی

پاکستان کی خوبرو اداکارہ منال خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کر کے مداحوں کو قہقہے لگانے پر مجبور کر دیا ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی جڑواں بہنیں منال خان اور ایمن خان سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان دونوں کے انسٹا گرام پر فالوورز کی تعداد متعدد اداکاراؤں سے زیادہ ہے۔

منال خان اور ایمن خان کی جانب سے شیئر کی گئی ہر پوسٹ پر نظر آ نے والے کمنٹس سے ہی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اُن کے مداح اُنہیں کتنا چاہتے ہیں۔

منال خان کی جانب سے گزشتہ شب ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں اُنہیں اپنی والدہ کی شکایت دور کرتے اور مداحوں کو ہنساتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں منال خان گھر میں مغربی لباس پہنے بیٹھی ہوئی ہیں اور اپنے کاموں میں مشغول ہیں جبکہ اُن کی والدہ کو اُن سے شکایت ہے کہ وہ گھر میں تیار ہو کر نہیں رہتیں۔

منال خان نے ویڈیو میں اپنی والدہ کو خوش کرنے کے لیے مشرقی لباس پہن لیا ہے اور خوب سرخی پاؤڈر لگا کر گھر کے کام کر رہی ہیں، پودوں کو پانی دے رہی ہیں، میک اپ کے ساتھ ہی گھر کی صفائی، کھانا پکانا جبکہ سوتے ہوئے بھی خوب تیار ہیں۔


منال خان نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ یہ ویڈیو ان سب کے لیے ہے جن کا کہنا ہے کہ ’گھر میں ایسے کیوں گھومتی رہتی ہو، تھوڑا تیار ہی ہو جاؤ۔‘

منال خان کی اس ویڈیو پر اُن کے ہزاروں لاکھوں مداحوں سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارائیں بھی خوب قہقہے لگا رہی ہیں اور اُن کی ویڈیو کی تعریف کر رہی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید