• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے معاملے پر وفاقی حکومت کا رویہ سنجیدہ نہیں، بلاول بھٹو


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے پر وفاقی حکومت کا رویہ سنجیدہ نہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کی جانوں پر سیاست کر رہی ہے، کورونا کے معاملے پر وفاقی حکومت کا رویہ سنجیدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے بھارت میں کورونا وائرس پھیلا ہوا ہے، اگر سندھ میں ایسا ہوا تو ذمے دار وفاقی حکومت ہوگی۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وفاق نا تو خود ہی کچھ کرتا ہے اور نہ کسی اور کو کچھ کرنے دیتا ہے، کورونا سے متعلق سندھ حکومت کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت ہمارے فیصلوں سے مطمئن نہیں تھی تو انہیں چپ رہنا چاہئے تھا، پیپلز پارٹی نے نہ کل سیاسی انتقام برداشت کیا نہ آج کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ خان صاحب اور ان کے وزرا اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں، جن سے لگتا ہے کہ ایک نہیں دو پاکستان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب کراچی میں 30 فیصد سے زائد مثبت کیسز آرہے ہیں، تو وفاقی وزرا بیانات کے ذریعے ہمارے اقدامات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن مل کر کام کرے تو حکومت گِرا سکتے ہیں، پنجاب سے بزدار کو بھگا سکتے ہیں۔

تازہ ترین