• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان ایشو پر شاہ محمود قریشی کا چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی بدلتی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پُرامن اور مستحکم افغانستان خطے اور پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس تناظر میں پاکستان نے افغان امن عمل کی پُرعزم حمایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے ’ٹرائیکا پلس‘ کا حصہ ہوتے ہوئے امن کاوشوں کو آگے بڑھانے میں گراں قدر معاونت کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں نہایت ضروری ہے کہ افغان عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جامع سیاسی تصفیہ ضروری ہے، جس کے لیے تمام افغانوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کی حمایت کا جاری رہنا بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی معاشی معاونت مسلسل برقرار رکھنی چاہیے۔

تازہ ترین