• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے مزید تین کشمیری نوجوان شہید کردیئے،عالمی برادری نوٹس لے،بشیررٹوی

مانچسٹر(نمائندہ جنگ)بھارتی فوج نے پلوامہ میں مزید 3کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ تینوں نوجوانوں کو ترال میں سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔ علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر کے گھرگھر تلاشی بھی لی گئی۔ بھارت کی ظالمانہ کاروائیوں کے خلاف کشمیریوں نے بھی احتجاج کیا۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے ایک اور واقعے میں جموں ریجن کے ضلع سانبہ کے علاقے کری میں ہندو انتہا پسندوں کے ایک گروپ نے خانہ بدوش مسلم خاندان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری محمد بشیر رٹوی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ گجربکروال خاندان کئی دہائیوں سے اس علاقے میں آباد ہے اور ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور شیو سینا کے حمایت یافتہ بعض ہندو علاقے سے مسلم خاندانوں کو نکالنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے کورونا کی آڑ لے کر مسجد کو پھر بند کر دیا ہے۔ وادی کی جامعہ مسجد سِری نگر اور خانقاہِ معلیٰ سمیت دیگر زیارت گاہوں میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات ممکن نہیں ہو سکے۔ بشیر رٹوی نے مزید کہا کہ بین اقوامی برادری فوری نوٹس لے اور کشمیریوں پر بھارت کے مظالم کو بند کروائے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کیخلاف کارروائی کی جائے۔
تازہ ترین