• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانیت کی خدمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، ساجد رشید

سلائو (اورنگزیب چوہدری ) اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں کا شکر بجا لانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اللہ تعالی کی مخلوق کی مدد کریں، القیاس ویلفیر سنٹر پاکستان میں بلا تفریق لوگوں کی خدمت اور مدد جاری رکھے ہوئے ہے، محتاجوں، غریبوں ، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد، معاونت ، حاجت روائی اور دلجوئی کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے ۔ دوسروں کی مدد کرنے،ان کے ساتھ تعاون کرنے، ان کے لیے روزمرہ کی ضرورت کی اشیاءفراہم کرنے کو دین اسلام نے کار ثواب اور اپنے ربّ کو راضی کرنے کانسخہ بتایاہے۔ ان خیالات کا اظہار سلاؤ کی ممتاز سماجی شخصیت القیاس ویلفیر سنٹر کے ٹرسٹی ساجد رشیداورذوالفقار حسین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا القیاس ویلفیر سنٹر پاکستان میں بہت سے ضرورت مند لوگوں کی مدد اور خدمت محتلف طریقوں سے کر رہی ہے، ضرورت مندوں اور مستحق افراد کی مدد کے لیے کمیونٹی کے تمام طبقات کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، غریب نادار مجبور لوگوں کی مدد کر کے دنیا اور آخرت کی بھلائی حاصل کی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ القیاس ویلفیر ایک مکمل فلاحی تنظیم ہے جس کا مقصد صرف اور صرف لوگوں کی خدمت اور مدد کرنا ہے۔ انسانیت کی خدمت کر کے جو دلی سکون اور اطمینان ملتا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ ساجد رشید اور ذوالفقار حسین نے کہا کہ القیاس ویلفیر سنٹر کے پلیٹ فارم سے ہزاروں غریب مستحق افراد کی مدد کو یقینی بنایا گیا ہے جن میں بیماروں کے علاج معالجے میں مالی مدد، یتیم بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت کے لیے مالی امداد، غریبوں کے لیے مفت کفن سمیت فوتگی کے حوالے سے اخراجات میں مالی مدد، مفت رمضان راشن پیکج اور مستحق افراد میں قربانی کے گوشت کی تقسیم سمیت دیگر فلاحی کام شامل ہیں۔
تازہ ترین