مارویل اسٹوڈیوز کی سپر ہیرو فلم ’ ایٹرنلز ‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی انٹرنیٹ پر تہلکہ مچادیا ہےاور مداح اس فلم کو دیکھنے کے لیے بےچین ہیں ۔
دوسری جانب بھارتی کامیڈین ورون گروورنے فلم کے تھیم میوزک کے بارے میں اپنا مشاہدہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کا تھیم میوزک مشہور بھارتی فلم ’ ہم آپ کے ہیں کون ‘ کے گانے ’ پہلا پہلا پیار ہے‘ سے متاثر لگتا ہے۔
بھارتی کامیڈین ورون گروور نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’ایٹرنلز ‘ کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مارویل کی فلم ’ ایٹرنلز ‘ کےلیےتھیم میوزک کے طور پر ’ پہلا پہلا پیار ہے‘کے میوزک پر دوبارہ کام کیاہے؟
بھارتی کامیڈین کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’ جی ہاں ! انہیں بھی ایساہی لگتا ہے۔‘
ایک اور صارف نے بھی اتفاق کیا اور لکھا کہ ’ بھائی آپ کے مشاہدے کو سلام، میں نے ابھی ٹریلر کو دوبارہ دیکھا اور میں اسے نظر انداز نہیں کر سکا۔‘
جبکہ ایک صارف نے مشہور بھارتی فلم ’ ہم آپ کے ہیں کون ‘ کے گانے ’ پہلا پہلا پیار ہے‘ کا لنک شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ’ آسانی سے موازنہ کرنے کے لیے یہ لِنک بہترین ہے۔‘