• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری، بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی ترقی

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان کے بابر اعظم آٹھویں سے ساتویں نمبر پر آگئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ٹاپ ٹین بولرز میں شامل ہوگئے۔

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کی ایک درجہ ترقی ہوگئی وہ آٹھویں سے ساتویں نمبر پر آگئے۔

بابر ٹاپ ٹین ٹیسٹ پلئیرز رینکنگ میں پاکستان کے واحد بیٹسمین ہیں جبکہ محمد رضوان 19ویں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے سنچری میکر فواد عالم 21ویں نمبر پر آگئے۔

بیٹسمینوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن پہلے، انگلینڈ کے کپتان جو روٹ دوسرے، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کا رینکنگ میں پانچواں نمبر برقرار ہے۔

بولرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میں 18 وکٹیں لینے پر مین آف دی سیریز بننے والے پاکستان کے شاہین آفریدی دس درجہ ترقی پاکر اب آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے اور بھارت کے روی چندر ایشون دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی کا بدستور تیسری پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے۔

اسی طرح آل راؤنڈرز میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا پہلا نمبر ہے۔

تازہ ترین