کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن دعوے بے بنیادہیں ، مہنگائی 27، آمدنی 37 فیصد بڑھی، ن لیگ پہلے فیصلہ کرے کہ پارٹی کی قیادت کون کر رہا ہے، کچھ لوگ شہباز شریف اور کچھ مریم نواز کے پیچھے ہیں، ن لیگ اپنے دور اور پی پی سندھ حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھے، سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی بنائیگی۔
پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد فضل الرحمٰن پھر بیمار ہوجائینگے، افغانستان سے متعلق پاکستان کے مشورے پر پہلے عمل کیا ہوتا تو آج صورتحال بہترہوتی، افغانستان میں انتظامی خلا کو نظر انداز کیا گیا تو بحرانی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے میڈیا کہاکہ کراچی والوں کو لگتا ہے کہ اندرون سندھ پیسہ لگ رہا ہے لیکن سندھ حکومت کو ملنے والا پیسہ دبئی میں نکلتا ہے مریم اور بلاول کو پاکستان کے مسائل کا پتہ نہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو چاہئے کہ اپنے دور حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھے۔
شریف فیملی لوٹی ہوئی دولت ملک کو واپس کرے،حزب اختلاف نے کبھی مسائل کی نشاندہی نہیں کی، کورونا اقدامات کے حوالے سے پاکستان تیسرے نمبر پر رہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان کے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں،انخلاء کے عمل میں پاکستان کی کاوشوں کی پوری دنیا معترف ہے۔
انہوں نے کہاکہ فیصلے طاقت کے بجائے عقلمندی سے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں اس وقت انخلاء اہم مسئلہ ہے، افغانستان میں انخلا کو نظرانداز کیا گیا تو بحرانی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا درپیش خطرات کو محسوس کرے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان نے افغانستان کے حوالے سے پہلے ہی اپنے خدشات ظاہر کیے تھے، افغانستا ن سے متعلق وزیراعظم عمران خان جو بات کر رہے تھے وہ حرف بہ حرف سچ ثابت ہوئی،عالمی برادری کو افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کے ممالک ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کو چاہئے کہ اپنے دور حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھے،حزب اختلاف نے کبھی بھی اصل مسائل کی طرف نشاندہی نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے دوران بہتر اقدامات کے حوالے سے پاکستان تیسرے نمبر پر رہا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت میں ملکی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن ن لیگ کا پورا خاندان لندن میں بیٹھا ہے اور نواز شریف وہاں ہمارے پیسوں سے نواسے کی شادیاں اٹینڈ کر رہے ہیں کبھی کسی کو نیا اپارٹمنٹ لے کر دے رہے ہیں کبھی نئی گاڑیاں لے کر دے رہے ہیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں وہ شادیا ں کریں یا کچھ کریں لیکن وطن واپس آئیں اور قوم کالوٹا ہوا مال واپس کریں اور پاکستانی عدالتوں میں آکر کیسز کا سامنا کریں۔