• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب 30 اگست 2021 کی رات امریکیوں کے مکمل انخلا اور اس کے بعد طالبان کی طرف سے خوشی کے اظہار میں چلائی جانے والی گولیوں کی تڑتڑاہٹ کابل کی فضائوں میں گونج رہی تھی ہم دنیا کواس بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹس دینے میں مصروف تھے۔ 

میرے ساتھ ترک ٹی وی کے علی مصطفیٰ اور خیبر ٹی وی کے وقاص شاہ تھے۔ ہم اس بات پر خوشی سے سرشارتھے کہ ہم صرف خبر نہیں بلکہ ایک تاریخ دیکھ اور رپورٹ کررہے ہیں۔ علی۱ لصبح بستر پرسونے کے لئے گیا تو آنکھوں میں نیند کی بجائے سوچوں کا ایک سمندرامڈ آیا۔

سوچتا رہا کہ امریکہ نے اپنے مفادات کے لئے نہ صرف افغانستان کو تہ تیغ کیا بلکہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں 20 سال کے دوران 8 ٹریلین ڈالرز خرچ کرکے افغانستان اورپاکستان سمیت پوری دنیا کے 80 ممالک میں 9 لاکھ افراد کی زندگیوں کے چراغ بھی گل کیے۔ 

3 کروڑ80 لاکھ افراد اپنے گھربارچھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ 2 ہزار55 امریکی فوجی بھی مارے گئے مگراس سب کے باوجود افغانستان کا انتظام واپس طالبان کے پاس چلا گیا۔ یعنی طالبان سے طالبان تک کے اس سفر کی اتنی بڑی قیمت؟

ادھر پاکستان میں بھی طالبان کی کامیابیوں کی خوشیاں منائی جارہی تھیں۔ کچھ لوگوں کواس بات کا احساس نہیں تھا کہ اب افغانستان میں ایک ایسے دورکا آغاز ہوگا جس میں سب سے زیادہ پابندیاں خواتین کو بھگتنا پڑیں گی اور اہم بات تو یہ کہ پاکستان کے لئے بھی شاید حالات میں کوئی نیا بدلائونہ آئے۔

مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ طالبان کودہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران ہمارے کردار کے باعث پاکستان سے شکایتیں ضرور ہیں مگر وہ پاکستان کومختلف وجوہات کی بنا پرعزیزبھی رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ طالبان اپنے مفادات کے بھی پکے ہیں۔

اگرکبھی باہم دوستی اورافغانستان کے مفادات کا ٹکرائو آیا تو وہ افغانستان کے مفادات کے تحفظ کو ہی چنیں گے۔طالبان کی دوستی اوران کے مفادات کے حوالےسے آپ کو دو واقعات سنانا بہت ضروری ہیں۔ دونوں کے راوی آئی ایس آئی کے ہی تین سابق سربراہ ہیں،

پہلا واقعہ :

11 ستمبر 2001 کے و اقعات کو بہ مشکل ایک سال ہی گزرا تھا کہ مارچ 2003 میں ملا عمر کے سب سے معتمد ساتھی اورپوری دنیا میں حقانی نیٹ ورک کے بانی کے طورپرپہچانےجانے والے جلال الدین حقانی اسلام آباد پہنچے جہاں ان سے اس وقت کے آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل احسان الحق کی ملاقات ہوئی۔ 

آئی ایس آئی کے سربراہ نے بین السطور جلال الدین حقانی کوامریکہ کی طرف سے پاکستان پر دبائو اور اس کے تحت پاکستان کی مجبوریوں کے بارے میں آگاہ کیا تو جلال الدین حقانی نے کہا کہ’’ آپ ہماری فکر نہ کیجیے ہمیں آپ کے مسائل کا ادراک ہے، آپ اپنے وطن پاکستان کا دھیان کریں کیونکہ ہم اسے بھی اپنا گھر تصورکرتے ہیں‘‘۔ یہ کہہ کرحقانی چلے گئے۔

یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ اس وقت تک پاکستان طالبان کے سفیر ملا عبدالسلام ضعیف سمیت اہم طالبان اورالقاعدہ رہنمائوں کو پکڑپکڑ کرامریکہ کے حوالے کررہا تھا۔ اس ماحول میں بھی جلال الدین حقانی کی طرف سے ایسی بات کرنا حیران کن تھا۔ 

جلال الدین حقانی جنرل احسان سے ملاقات کے بعد سابق آئی ایس آئی چیف جنرل حمید گل سے ان کے گھر جا کر ملے تھے۔ دونوں کے درمیان 80 کی دہائی سے باہمی شناسائی تھی۔ 

جنرل حمید گل نے مجھےایک انٹرویومیں بتایا تھا کہ حقانی کو مشرف حکومت کی طرف سے طالبان کے سربراہ ملا عمر کا ساتھ چھوڑنے کا کہا گیا تھا جب حمید گل نے حقانی سے پوچھا کہ اس کا فیصلہ کیا ہے تو حقانی نے حمید گل سے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ’’ میں ملا عمر کا ساتھ کیسے چھوڑ سکتا ہوں میں نے ان کے ہاتھ پر بیعت کررکھی ہے‘‘۔

حمید گل نے اسی شام جلال الدین حقانی کے اعزاز میں ایک عشائیہ بھی رکھا تھا جس میں سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ کوبھی مدعو کیا گیا۔وہی اسلم بیگ جنہوں نے افغانستان میں تزویراتی گہرائی یاا سٹرٹیجیک ڈیپتھ کا نظریہ متعارف کروایا تھا۔ 

اس ملاقات میں یہ بات اہم تھی کہ جلال الدین حقانی پاکستان کے مخالف نہیں تھے بلکہ مشکل وقت میں پاکستان کی مجبوریوں کوسمجھ رہے تھے۔

دوسرا واقعہ :

لیفٹیننٹ جنرل جاوید اشرف قاضی پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق سربراہ رہ چکے ہیں۔ 1996 میں طالبان کی پہلی حکومت کو تسلیم کروانے میں ان کا ایک کلیدی کردار تھا۔ وہ طالبان کے قیام اورعروج وزوال کے عینی شاہدین میں شامل ہیں۔

انہوں نے ایک حالیہ ملاقات میں مجھےتفصیل سے بتایا کہ کس طرح پاکستان نے طالبان کی پہلی حکومت کے قیام کے بعد ان کی مدد کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت میجرجنرل صفدرحسین آئی ایس آئی میں ان کے ماتحت تھے جنہیں ملا محمد عمر کے پاس بھیجا گیا کہ ان سے افغانستان اورپاکستان کےدرمیان ڈیورنڈ لائن کے بارے میں امورکوطے کیا جائے۔ 

ویسے توپاکستان کی طرف سے یہ معاملہ طے تھا مگر افغانستان کی طرف سے اسے غیرضروری طورپروقتاًفوقتاًتنازعے کے طورپرپیش کیا جاتا تھا۔ جاوید اشرف قاضی بتاتے ہیں کہ صفدر نے ملا عمر سے اس معاملے پربات کی اورانہوں نے کہا کہ’’ ہم اس معاملے کو دیکھیں گے‘‘۔ وقت گزرگیا لیکن ملا عمر نے ایسا کچھ نہ کیا۔

آج ملاعمر اورجلال الدین حقانی زندہ نہیں بلکہ دونوں کے بچے نئی افغان کابینہ میں کلیدی عہدوں پرفائزہیں۔ 

وہ یقینی طورپرپاکستان سمیت اپنے تمام پڑوسیوں سے اچھے تعلقات کے حامی ہیں لیکن ایسا کرنے میں وہ کبھی افغانستان کے مفادات کو دائوپرنہیں لگائیں گے۔

 یہ سب بتانے کا مقصد یہ تھا کہ افغانستان میں امریکی پالیسیوں کے باعث طالبان سے طالبان تک کی واپسی کا سفر تو ہوگیا لیکن ہم پاکستانیوں کوپہلے بھی سمجھ نہیں آئی تھی اوراب بھی صورتحال ایسی ہی ہے اورہم خوشی سے بے حال ہوئے جارہے ہیں۔

تازہ ترین