اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے کار چوری میں ملوث دو خطرناک بین الصوبائی گینگز کے 5ملزمان کو گرفتار کر کے 2کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 12گاڑیاں برآمد کر لیں۔ ملزم گل خان پنجاب کے مختلف تھانوں میں 67مقدمات میں چالان یافتہ ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے پولیس ٹیموں میں شامل افراد کو انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ضلع بھر میں کار چوری کے سدباب کیلئے کار چوروں اور انکے سہولت کاروں کی گرفتاری اور مسروقہ کاروں کی برآمدگی کا ٹاسک ایس ایس پی انوسٹی گیشن عطاء الرحمان کو دیا جن کی زیر نگرانی اے ایس پی میڈم حنا نیک بخت، انچارج اے وی ایل سیل، انسپکٹر لیاقت علی، سب انسپکٹرز حبیب اللہ، محمد اشرف، اے ایس آئی ابرار شاہ معہ جوانوں پر مشتمل پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔ پولیس ٹیموں نے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کی اور کار چوری میں ملوث دو خطرناک بین الصوبائی گینگز کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان میں محمد جہانگیر ولد محمد یٰسین تحصیل حویلیاں ضلع ابیٹ آباد، محمد سلیم ولد محمد فدا سکنہ ضلع چارسدہ، علی خان ولد ولی خان سکنہ مہمند ایجنسی، علی خان ولد ولی خان سکنہ مہمند ایجنسی، گل خان ولد اول خان سکنہ کچی آبادی افغان کیمپ میانوالی، عرفان اللہ ولد شاکر سکنہ تحصیل و ضلع پشاور حال اٹک خورد ضلع اٹک شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 12چوری شدہ گاڑیاں برآمد کر لی گئیں۔ برآمد شدہ گاڑیاں مقدمہ نمبر 429/21تھانہ گولڑہ میں اے پی ایل 2021‘ مقدمہ نمبر 538/21تھانہ رمنا میں وی ڈی 051‘ مقدمہ نمبر 570/21تھانہ انڈسٹریل ایریا میں ٹیوٹا کورولا نمبر ایل ایکس زیڈ 7200‘ مقدمہ نمبر 406/21تھانہ سبزی منڈی میں بی یو 290‘ مقدمہ نمبر 597/21تھانہ انڈسٹریل ایریا میں کیری ڈبہ نمبر ایچ جی 768‘ مقدمہ نمبر 524/21تھانہ انڈسٹریل ایریا میں کار نمبر بی آر بی 6686‘ مقدمہ نمبر 427/21تھانہ انڈسٹریل ایریا میں کار کا سامان‘ مقدمہ نمبر 427/20تھانہ پیرودھائی راولپنڈی میں ایس ایس 156‘ مقدمہ نمبر 205/21تھانہ سوہاوہ ضلع جہلم میں اے آر بی 475‘ مقدمہ نمبر 1592/21تھانہ نیو ٹائون ضلع راولپنڈی میں کیری ڈبہ نمبر آئی ڈی ایل 6670اور مقدمہ نمبر 1594/21تھانہ نیو ٹائون ضلع راولپنڈی میں کار نمبر آئی ڈی ایل 6673جو کہ اسلام آباد اور پنجاب کے دیگر اضلاع سے چوری شدہ ہیں برآمد کر لی گئیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے یہ گاڑیاں جڑواں شہریوں کے مختلف علاقوں سے چوری کرکے ٹمپرڈ کرنے اور جعلی کاغذات پر لوگوں کو فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان نے جڑواں شہروں سمیت دیگر اضلاع سے بھی گاڑیاں چوری کی ہیں۔ جہانگیر خان گروپ اور گل خان افغانی گروپ شامل ہیں‘ ملزم گل خان والد لال خان پنجاب کے مختلف اضلاع میں 67مقدمات میں چالان شدہ ہے۔ یہ گینگز بھارہ کہو، آئی نائن بازار اور راولپنڈی کے ملحقہ علاقوں سے گاڑیاں چوری کر کے مردان، پشاور اور ابیٹ آباد میں مسروقہ گاڑیاں اور پارٹس فروخت کرتے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس ٹیموں کیلئے نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے افسران کو مزید احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کار چوری کے سدباب کے خاتمہ‘ کار چوروں اور انکے سرپرستوں کی گرفتاری کیلئے مزید ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ شہریوں کی قیمتی پراپرٹی کی حفاظت کیلئے بھی کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران نیک نیتی اور دل لگی کے ساتھ کام کریں تو اللہ کی بھی مدد حاصل ہو گی۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔