قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے اپنے متعلق سرچ انجن گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے پانچ سوالات کے جواب دے دیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر امام الحق کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں وہ ان پانچ سوالات کے جوابات دے رہے ہیں جو ان سے متعلق سب سے زیادہ سرچ کیے جاتے ہیں۔
گوگل پر امام الحق سے متعلق سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا سوال ہے کہ امام الحق کیوں مشہور ہیں؟
اس سوال پر کچھ حیران ہوتے ہوئے قومی کرکٹر جواب دیتے ہیں کہ کرکٹ کا کھیل پاکستان میں کافی مقبول ہے اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ کرکٹ دیکھتے ہیں اور میرے مشہور ہونے میں کرکٹ کا ہی کردار ہے۔
امام الحق سے متعلق سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا دوسرا سوال امام الحق اور انضمام الحق کے آپس کے رشتے سے متعلق تھا جس کا جواب دیتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ وہ انضمام الحق کے بھتیجے ہیں۔ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ مجھے لگا تھا کہ یہ سوال سب سے زیادہ سرچ کیا جانا چاہیے تھا۔
تین منٹ اور 35 سیکنڈ کی ویڈیو میں تیسرا سوال امام الحق کے امیر ہونے سے متعلق تھا، جس کے جواب میں امام کچھ گڑبڑائے لیکن جواب میں کہا کہ جب آپ 4 سال قومی ٹیم کی جانب سے کھیل لیں تو سب اچھا ہوجاتا ہے۔
امام الحق سے متعلق سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا چوتھا سوال ان کی پُش اپس سے متعلق تھا، قومی کرکٹر نے اس سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے آخری مرتبہ ایک منٹ میں 61 پُش اپش لگائے تھے۔
آخری سوال امام الحق کے سب سے اچھے دوست سے متعلق تھا، جس کے جواب میں انہوں نے قومی کپتان بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وہ دونوں گزشتہ دس سال سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں تو وہی ان کے پکے دوست ہیں۔