پشاور( وقائع نگار) عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور اوپو کمپنی کے باہمی اشتراک سے چترال وادی کی سیاحت و ثقافت کے فروغ اور رونمائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں نامور بلاگرزاور تخلیق کار جن میں انم حکیم ، خولہ جمیل ، امجد، عرفان جونیجو، اکرم علی ، دانش خان ، عدیل چشتی ، اور واصف چترال اور کالاش وادی کے حسین و پرکشش مقامات کو نہ صرف قریب سے دیکھ سکیں گے بلکہ اپنے کیمرے کے لینس سے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا سے بھی متعارف کروا سکیں گے۔ ۔ ایک ہفتہ جاری رہنے والے اس دورے میں یہ بلاگرز وادی کالاش ، برون وادی، باترک وادی ، انیش وادی، کاکرل وادی، میوزیم، چترال قلعہ، شاہی مسجد چترال ، پولو گرائونڈ، دستکاری اشیاء، مارخور پوائنٹ ، بیرموگلشت سمیت مقامی ثقافت، کالاشی خواتین سے ہاتھوں سے بنی اشیاء، تاریخی مکانات، ہال اور دیگر خوبصورت مقامات کی سیر و تفریح کے ساتھ ساتھ انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے ڈسپلے کریں گے ۔ یونائیٹڈ نیشن ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن (یواین ڈبلیو ٹی او) نے امسال 2021میں عالمی یوم سیاحت کو سیاحت کیلئے جامع ترقی ʼکے طور پر نامزد کیا ہے ۔سیاحت کا عالمی دن ہر سال 27 ستمبر کو منایا جاتا ہے ۔ اس کا مقصد بین الاقوامی برادری میں سیاحت کی اہمیت اور اس کی سماجی، سیاسی اور معاشی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے ۔یہ سال سیاحت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا موقع ہے ۔ یہ شمولیت کو آگے بڑھا سکتا ہے اور قدرتی اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور فروغ سمیت سیاحت کے منفرد کردار کو اجاگر کر سکتا ہے ۔