• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلش بورڈ کو پی سی بی کا ساتھ دینا چاہیے: شاہد آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے عین وقت پر ساتھ چھوڑ جانے کی صورتحال میں انگلش کرکٹ بورڈ کو پی سی بی کا اپنے عمل سے ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ یہ انگلش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کا ساتھ دینے کا وقت ہے۔

شاہد آفریدی کے مطابق انگلش بورڈ کو ناصرف الفاظ بلکہ اپنے عمل سے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کا ساتھ دینا چاہیے۔

اپنے ٹوئٹ میں سابق کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے سر چکرا دینے والے فیصلے کے باوجود پاکستان دورے کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی صورتحال میں انگلش بورڈ کو کورونا کی بدترین صورتحال میں پاکستان کے گزشتہ برس کے دورے کو یاد رکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے عین وقت پر سیریز منسوخ کرنے کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آئندہ ماہ ہونے والے دورہ پاکستان کے حوالے سے بیان جاری کیا تھا۔

ای سی بی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے دورے کے بارے میں فیصلہ اگلے 24 تا 48 گھنٹے میں کریں گے کیونکہ انگلش کرکٹ بورڈ اپنی سیکیورٹی ٹیم سے پاکستان کے بارے میں رائے حاصل کررہا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گزشتہ روز راولپنڈی میں 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ ہونا تھا تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے عین وقت پر دورہ ختم کردیا جس کی وجہ سیکیورٹی خدشات بتائی ہے۔

تازہ ترین