• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورے کی منسوخی کا الزام کھلاڑیوں کو نہ دیں، کیوی کھلاڑی کا حفیظ کو جواب

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر مچل میک کلینگھن نے قومی کرکٹر محمد حفیظ کے کیوی ٹیم کو ٹرول کرتے ٹوئٹ پر ردعمل دے دیا۔

خیال رہے کہ محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے یکطرفہ فیصلے کے بعد نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کو ٹرول کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ حیرانی کی بات ہے کہ وہی راستہ وہی سیکیورٹی لیکن کل خطرہ تھا آج نہیں ہے۔

محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کو ٹرول کرتے ہوئے یہ بھی تحریر کیا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کا شکریہ جنہوں نے نیوزی لینڈ ٹیم کو محفوظ طریقے سے ایئرپورٹ پہنچایا۔

محمد حفیظ کے اس ٹوئٹ پر کیوی اسپیڈ اسٹار نے ردعمل دیا لیکن جلد ہی اسے اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیا۔

35 سالہ مچل میک کلینگھن کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ دورے کی منسوخی کا ذمہ نیوزی لینڈ کی حکومت پر ہے ناکہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں پر۔

کیوی کھلاڑی نے یہ بھی کہا کہ ’حکومت  نے صرف ان مشوروں پر عمل کیا ہے جو انہیں موصول ہوئے ہیں۔‘

مچل میک کلینگھن کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ نوجوان کھیلنا چاہتے تھے لیکن ان کے پاس کوئی چارہ نہ تھا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے میچ سے چند منٹوں قبل سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر دورہ اچانک ملتوی کردیا تھا۔

پاکستانی حکام نے ان سے سیکیورٹی خدشات کے بارے میں پوچھا تو اس کے بارے میں انہوں نے کوئی معلومات بھی شیئر نہیں کیں۔

تازہ ترین