• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ نے استعمال کیا، پھینک دیا، اب ایسا نہیں ہوگا، ریمبو کے تابڑ توڑ حملے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ہماری سیکیورٹی ایجنسیاں جاننا چاہتی ہیں کہ نیوزی لینڈ کو دھمکی کس نے دی تھی۔

’’ریمبو‘‘ نے انگلینڈ بورڈ اور نیوزی لینڈ بورڈ پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری دوستی اور جذبات کی قدر نہیں کی گئی۔ پتا چل رہا ہے کہ کون دوست ہے، یہ سب ہمارے ہاں ایک مائنڈ سیٹ کے ساتھ آتے ہیں،آئی سی سی نے اس مسئلے کا حل تلاش نہیں کیا تو اس کے اثرات خطرناک ہوں گے۔ ہوم سیریز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ 

نہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ میچ کا بائیکاٹ کریں گے۔ اب کسی کے ہاتھ سے اپنی قسمت کے فیصلے نہیں کرائیں گے۔ دنیا سے رشتے ناطے توڑ دیں گے تو پاکستان کرکٹ کو کیا فائدہ ملے گا۔ چاہتا ہوں کہ آئی سی سی میٹنگ میں تعمیری فیصلے ہوں۔ ہمیں بغیر کسی غلطی کے سزا مل رہی ہے۔ خود دار قوم کی حیثیت سے با وقار انداز میں آگے بڑھیں گے۔ اپنی خودداری اور کرکٹ کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ 

میں نے ای سی بی چیئرمین کو بتادیا ہے کہ آپ نے ہمیں استعمال کرکے کچرے دان میں پھینک دیا ہے۔ ہم سخت لائن لیں گے ۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سیریز کی منسوخی کے بعد وہ پہلی بار منگل کو ویڈیو لنک پر پاکستانی میڈیا سے تفصیلی پریس کانفرنس میں اپنی پالیسی بتارہے تھے۔ سابق کپتان نے کہا کہ شاید یہ انوکھی صورتحا ل ہے لیکن عارضی ہوگی۔ 

آئی سی سی میں درست فورم پر جاکر پاکستان کے نقصان کا ازالہ کرائوں گا۔ ہمارے لئے سبق یہ ہے کہ پریشر میں ہمارے ساتھ کون کھڑا ہوتا ہے۔ اب تو مغربی میڈیا بھی انگلش بورڈ پر لعن طعن کررہا ہے۔ ہم نے جو دبائو قائم کیا ہے اسے قائم رکھنا ہے۔ رمیز راجہ نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے انکار کے بعد ہم خیال بورڈز جنوبی افریقا،بنگلہ دیش،سری لنکا اور افغانستان پر مشتمل بلاک بنانےکا بھی عندیہ دیااور کہا کہ ہمیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہونا، ایک ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ 

یہ نہیں ہو گا کہ وہ ہم سے اپنا مطلب نکالیں اور چلے جائیں، نیوزی لینڈ کو تھریٹ تھا تو شئیر کرتے، اب دبئی پہنچ گئے ہیں تو اب بتا دیں۔ 

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے منسوخ ہونے کے تمام معاملات آئی سی سی میں اٹھانے ہیں، ایسی کون سی تھریٹ تھی کہ وہ ایک دم بھاگ گئے، ہمارے جذبات کی قدر نہیں کی گئی ہے، ہمیں کوئی بلاک ایسا نہیں بنانا لیکن جو لوگ ہمارے ساتھ ہیں انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔ 

رمیز راجا نے کہا کہ انگلینڈ کا فیصلہ متوقع تھا، ہماری جانب سے مخالفین کا مقابلہ کرنے اور کوئی رعایت نہ دینے کا عزم کیا گیا ہے۔ ہم بھی وہاں تک جائیں گے جہاں تک ہمارا فائدہ ہے، یہ کوئی اچھی صورتحال نہیں ہے ۔ 

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ چیف سے بات کی۔ یہ ہمارے لیے ایک مصروف ترین کرکٹ سیزن تھا، ہم نے یہاں پہنچنے کے لیےبڑی محنت کی، صورتحال سمجھنے کی کوشش کریں، ایک دوسرے پر الزام لگانے کا وقت نہیں ہے۔

تازہ ترین