پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے محمد زبیر کی ویڈیو جاری کی ہے یا کروائی ہے وہ سامنے آئیں، سمجھ نہیں آرہی کہ وہ زبیر صاحب سے کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ایک بیان میں رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ زبیر صاحب پر جو محنت ہوئی ہے وہ ویڈیو میں نے دیکھی ہے، کافی محنت کا کام ہے، لگتا ہے کہ وہ کوئی ایک ایونٹ کی ویڈیو نہیں ہے، پتا نہیں یہ لوگ زبیر صاحب کے پیچھے کب سے لگے ہوئے تھے، پتا نہیں یہ فیک ویڈیو ہے یا اوریجنل ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ارشد ملک کی ویڈیو ملین ڈالرز کی ویڈیو تھی، ارشد ملک کی ویڈیو نے ملک کی سیاسی تاریخ کو بدل کر رکھ دیا، ارشد ملک کی ویڈیو سے نواز شریف کو سزا دلوائی گئی، جج ارشد ملک کی موت بھی اسی ویڈیو کہ وجہ سے ہوئی۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ویڈیو سے آدمی ڈسٹرب ہوجاتا ہے، اس کی فیملی ہوتی ہے ارشد ملک زیادہ افسردہ تھے، ارشد ملک نے اپنے دوستوں اور میاں صاحب سے ملاقات میں کہا کہ ان سے غلطی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ملک نے کہا کہ بندے سے زندگی میں غلطی ہوجاتی ہے، ارشد ملک نے کہا کہ ان کی ویڈیو 20 سال پرانی ہے جب وہ ایڈیشنل سیشن جج ملتان تھے، 20 سال پرانی ویڈیو لاکر ارشد ملک کو بلیک میل کیا گیا۔