• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آریان خان کی گرفتاری کے پیچھے سیاست ہے: کانگریس لیڈر

کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چوہدری کا بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیا ت برآمدگی کیس میں گرفتاری پر کہنا ہے کہ یہ صرف سیاست کھیلی جارہی ہے۔

کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر آریان خان کی منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاری کرنے کے طریقے کار پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’وزیرِ داخلہ مسٹر اجے مشرا کے بیٹے کو گرفتار کرتے ہوئے تو اتنی پھرتی نہیں دکھائی گئی جتنی شاہ رخ خان کے بیٹے کی گرفتاری میں دکھائی گئی ہے جس پر الزام ہے کہ وہ بچہ منشیات کا عادی ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’دلچسپ بات یہ ہے کہ مسٹر مشرا کے بگڑے ہوئے بیٹے پر تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے وحشیانہ طریقے سے بےگناہ احتجاج کرنے والے کسانوں کے قتل کا الزام ہے۔‘

کانگریس لیڈر نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’سشانت سنگھ راجپوت کے کیس میں سامنے آنے والے منشیات کیس کے نتیجے میں اداکارہ ریا چکرورتی کو ایک ماہ قید میں گزارنا پڑا۔‘

کانگریس لیڈر نے مزید لکھا کہ’آریان کو اس قابلِ معافی جرم کے لیے سخت سزا نہیں دی جانی چاہیے۔‘

ادھیر رنجن چوہدری نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھارت کے آئین میں سب کے لیے مساوی انصاف درج ہے، نوجوانوں کو قابلِ معافی جرائم کے لیے سخت سزا نہیں دی جانی چاہیے۔‘

واضح رہے کہ جمعہ کے دن ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں آریان خان اور دیگر 2 افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی تھیں۔

خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ایک کروز پر پارٹی کے دوران چھاپا مارا تھا اور آریان خان سمیت 18 افرد کو حراست میں لیا تھا۔

این سی بی کا دعویٰ تھا کہ چھاپے کے دوران 13گرام کوکین،21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، ایم ڈی 5 گرام اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی نقد رقم تحویل میں لی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان پر این سی بی نے منشیات کے استعمال کا الزام لگایا تھا، جس سے پہلے شاہ رخ کے صاحبزادے نے انکار کیا اور بعدازاں اس کا اعتراف کرلیا۔

این سی بی کے چھاپے میں پکڑے گئے افراد میں آریان خان کے قریبی دوست ارباز مرچنٹ، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چھوکر اور گومیت چوپڑا و دیگر شامل ہیں۔

مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے کا پہلے 1روز پھر 3 روز اور آخر میں 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا۔

تازہ ترین