کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے گٹکا ،ماوا کی فروخت میں ملوث پولیس افسران و اہلکار وں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئےکہا ہے کہ جو افسران گٹکا ماوا کی فروخت میں ملوث ہیں ان کی فہرست مرتب کی جائے،بینچ کے سربراہ جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس میں کہا کہ لگتا ہے گٹکے کی فروخت میں پولیس کے اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں ایسے پولیس اہلکاروں اور افسران کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں، پولیس کی سرپرستی کے بغیر منشیات فروشی ممکن ہی نہیں،گٹکا اور ماوا کی فروخت پر پابندی یقینی نہ بنائی گئی تو پورا معاشرہ بیمار ہوجائے گا،گٹکا اور ماوا کی خرید و فروخت روکنے کے لیے رینجرز کی مدد لی جائےہم بھی رینجرز کو پولیس کی مدد کرنے کی ہدایت کریں گے، عدالت میں درخواست گزار نے بتایا کہ ایس ایچ او لانڈھی نے گرفتار گٹکا فروش کو چھوڑ کر دوسرے کی گرفتاری ظاہر کردی،عدالت نے ڈی آئی جی سے پولیس افسران اور ایس ایچ او لانڈھی ڈی ایس پی لانڈھی کے خلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی۔