• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں ہجوم سے نمٹنے کیلئے نئے پولیس یونٹ کا اعلان


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں ہجوم سے نمٹنے کے لیے پولیس کا نیا یونٹ بنایا جائے گا۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ پولیس کا یہ نیا یونٹ جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون سے لیس ہوگا جبکہ اس کی فورس اعلیٰ تربیت یافتہ ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود 10 لوگ ڈی چوک بند کردیتے ہیں،کابینہ اجلاس میں اسلام آباد پولیس میں نیا یونٹ تشکیل دینے کیلئے پریزنٹیشن دی گئی، جس کی منظوری دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سی پیک پر کام کرنے والے غیر ملکی اہلکاروں کےلیے آن لائن ویزا سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو لازمی ووٹ کی سہولت دینی ہے، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے آن لائن پاور آف اٹارنی کی منظوری دی ہے، افغانستان سے آنے والوں پر ویزا فیس ختم کردی ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ افغان تاجروں کو بزنس ویزہ کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان کے لوگوں کے لیے قانونی داخلے کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جنازے میں 15 سے زائد وزراء، چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف اور نیول چیف نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگ نبی کریم ﷺ سے دیوانہ وار محبت کرتے ہیں، رحمتہ للعالمین اتھارٹی کا مقصد سیرت النبیﷺ سے سیکھنا اور عمومی زندگی میں لانا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ روایتی اتھارٹی نہیں ہوگی، سوچی سمجھی کوشش ہے، رسول اکرمﷺ کی زندگی پر عبارت بیانیہ تیار کیا جائےگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام محبت، رحم اور دوسروں کی عزت و احترام سے پھیلا تھا، رحمت للعالمین اتھارٹی میں بین الاقوامی اسکالرز بھی شامل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ہے، انہیں 3 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کردی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان میں استحکام ہو، وزیراعظم کو گورنر بلوچستان نے سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیمرا کونسل آف کمپلینٹ اسلام آباد کی تشکیل اور اسلام آباد ریئل اسٹیٹ ایکٹ 2020 کی منظور دے دی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیکل کالجز میں داخلے کی نئی پالیسی بنائی ہے، پالیسی کے مطابق 50 فیصد نمبر ایف ایس سی اور 50 فیصد انٹری ٹیسٹ سے شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ٹرانسپورٹ لاجسٹک کے حوالے سے ذیلی کمیٹی قائم کی ہے، کابینہ میں بتایا گیا کہ مختلف وزارتوں میں 80 کے قریب اعلیٰ سطح پر غیر قانونی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔

تازہ ترین