وزیراعظم عمران خان نے ہیلتھ، کسان اور احساس کارڈ کی تقسیم جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کسان، ہیلتھ اور احساس کارڈ کے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ صحت کارڈ عوام کو صحت کی مکمل سہولیات کی مفت فراہمی کا منفرد اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقے کے لیے صحت اور احساس کارڈ ایک بڑا ریلیف فراہم کریں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں خصوصی سیل بناکر کام میں تیزی لائی جارہی ہے، جلد صحت کارڈ کی تقسیم پورے پنجاب میں یقینی بنائی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ صحت، احساس اور کسان کارڈ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
اجلاس کو خیبر پختونخوا اور پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم اور سہولیات پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ لاہور میں صحت کارڈ کی تقسیم کے کام میں تیزی جاری ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ کسان کارڈ کی تقسیم کا عمل جنوبی پنجاب سے شروع کیا گیا ہے۔