• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انفیلڈ ٹاؤن اسٹیشن پر ٹرین کو حادثہ، دو مسافر زخمی

لندن (پی اے) معروف اسٹیشن پر ٹرین بوفرز سے ٹکرا گئی، دو افراد حادثے میں زخمی ہوگئے، حادثہ منگل کی صبح رش کے اوقات میں نارتھ لندن کے انفیلڈ ٹائون اسٹیشن پر لندن اوور گرائونڈ سروس کی ٹرین کو پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر سے پتہ چلا ہے کہ ٹرین سیدھی کھڑی رہی تاہم وہ پٹری سے اتر گئی اور اسٹیشن کی عمارت سے ٹکرانے سے بال بال بچی۔ لندن فائر بریگیڈ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ فار لندن اور اسٹیشن اسٹاف نے8ڈبوں والی ٹرین سے تقریباً50افراد کو باہر نکالا۔ لندن ایمبولینس سروس کی ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں انفیلڈ ٹائون ریلوے اسٹیشن انفیلڈ پر ٹرین کے پٹری سے اترنے کی رپورٹوں پر صبح8بجکر16منٹ پر طلب کیا گیا۔ ہم نے جائے حادثہ پر گاڑیاں اور افراد بھیجے۔ ایک ایمبولنس کا عملہ ایک ایمرجنسی پلاننگ افسر، ایک کلنیکل ٹیم منیجر، دو انسیڈنٹ رسپانس افسران اور کاروں میں طبی عملہ بھیجا، دو افراد زخمی حالت میں تھے تاہم انہیں ہسپتال نہیں لے جایا گیا۔ لندن فائر بریگیڈ اسٹیشن کے کمانڈر جم اونیل نے جو جائے حادثہ پر موجود تھے بتایا کہ ٹرین اسٹیشن پر بوفرز سے ٹکراگئی جو لائن کے آخر پر تھے اور ان کے اوپر چڑھ گئی۔ لندن اوور گرائونڈ نیٹ ورک کنٹرول کرنے والی ٹی ایف ایل نے کہا ہے کہ ایڈمنٹن گرین سے انفیلڈ ٹائون تک سروسز معطل کردی گئی ہیں۔
تازہ ترین