• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فولک ایسڈ خواتین کی صحت کیلئے ناگزیر قرار

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فولک ایسڈ انسانی جسم کے لیے  بنیادی جُز ہے جس کے استعمال کے صحت پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جبکہ فولک ایسڈ خواتین کے لیے شادی سے قبل اور حمل کے دوران ناگزیر قرار دیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق فولک ایسڈ کو فولیٹ اور وٹامن بی 9 کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، فولک ایسڈ انسانی جسم میں موجود خون میں لال خلیوں کی تشکیل اور پٹھوں کے خلیوں ( باڈی سیلز) کی مرمت کا کام کرتا ہے، فولک ایسڈ چھوٹے بڑوں سب کے لیے مفید ہے خصوصاً خواتین کے لیے یہ بنیادی وٹامن قرار دیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین، گائناکالوجسٹ و آبسٹیٹریشن کی جانب سےحاملہ خواتین کو فولک ایسڈ کی ٹیبلٹ استعمال کرنے کامشورہ دیاجاتا ہے لیکن بہت سی خواتین یہ استعمال نہیں کرتیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین کو فولک ایسڈ کا استعمال لازمی کرنا چاہیے، یہ ناصرف ماں کی صحت بہتر بلکہ حمل کے دوران خون کی کمی سے بھی بچاتا ہے ۔

طبی ماہرین کے مطابق فولک ایسڈ کا استعمال حمل کے دوران پیچیدگیوں کو آسان اور بچے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے، حاملہ خواتین کو اپنے آنے والے بچے کو پیدائشی نقائص سے بچانے کے لیے بھی اسے آٹے میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ایک عام جسم کو کم سے کم 400 مائیکرو گرام (ایم سی جی ؤ) فولک ایسڈ کی مقدار کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ حاملہ خواتین کو اس کا استعمال 400 ایم سی جی سے لے کر 1000 ایم سی جی تک استعمال کرنا چاہیے ۔

فولک ایسڈ کے استعمال کے صحت پر آنے والے دیگر فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں انتہائی کم قیمت پر دستیاب فولِک ایسڈ کا استعمال فالج کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

فولک ایسڈ کے استعمال سے بلند فشارِ خون اور دل کے امراض میں بھی کمی واقع ہوتی ہے اور ہارٹ اٹیک کے خطرات کم ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر اگر فولک ایسڈ کا استعمال خود پر لازم کر لیا جائے تو چار سال کے اندر اندر فالج کا خطرہ 73 سے 75 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

تازہ ترین