• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹی 20 پر شک کے سائے، اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت ناردرن کے ذیشان ملک معطل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے ذیشان ملک کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 4.7.1کے تحت عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے پنڈی میچوں کے دوران کچھ گرفتاریاں کی تھیں جس سے پتہ چلا کہ سٹے بازوں سے ذیشان ملک کو پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے واقعہ رپورٹ نہ کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ پی سی بی ضابطہ اخلاق کے تحت کھلاڑیوں کو کسی بھی پیشکش کی فوری رپورٹ ٹیم انتظامیہ کو کرنا ہوتی ہے۔پی سی بی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ذیشان ملک پی سی بی انٹی کرپشن یونٹ کی تحقیقات مکمل ہونے تک کسی قسم کی کرکٹ کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ پی سی بی کوڈ کےآرٹیکل 4.7.1: (a) کے تحت اگر پی سی بی اس اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کسی شریک پر جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ یا (b) پی سی بی سمجھتا ہے کہ شرکاء سے متعلقہ دیگرحالات غیر معمولی ہیں ، تو یہ اس کا صوابدیدی اختیار ہو گا ، یا جہاں پی سی بی یہ سمجھتا ہے کہ کھیل کی سالمیت کو دوسری صورت میں سنجیدگی سے نقصان پہنچایا جا سکتا ہے ۔ شرکاء کو عارضی طور پر معطل کرنے کا کوئی بھی فیصلہ شرکاء کو تحریری طور پر بھیجا جائے گا ، جس کی ایک کاپی اسی وقت آئی سی سی اور نیشنل فیڈریشن کو بھی بھیجی جائے گی۔چونکہ اس معاملے پر تحقیقات جاری ہیں، لہٰذا پی سی بی اس حوالے سے مزید کوئی بھی تبصرہ نہیں کرے گا۔ ذیشان نے سندھ کے خلاف میچ میں پچاس گیندوں پر84 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ وہ سیمی فائنل کھیلنے والی ناردرن ٹیم کا بھی حصہ لیا تھا۔

تازہ ترین