• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حق خودارادیت کشمیر پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،چوہدری سعید

وٹفورڈ (پ ر) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ برانچ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد سعید نے مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے بیان کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا فاروق عبداللہ اور ان کے والد شیخ عبداللہ نے دو قومی نظریہ کی مخالفت میں کشمیر ی عوام کے مستقبل کو دائو پر لگا دیا۔ اور سیکولر ریاستی نطام کو ترجیح دی، اگر شیخ عبداللہ 1947 میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی بات مان لیتے تو آج کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ نہ ہوتا مگر بھارت کی ریاستی دہشت گردی نے بھارت کے سیکولر نظام کو کشمیر کی ڈل جھیل میں ڈبو دیا ہے، چوہدری محمد سعید نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاروق عبداللہ کو بھارت کی منافقانہ پالیسیوں اور دوہرے معیار سے سبق حاصل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا قومیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرتی ہیں، ننگ دیں ننگ وطن فیصلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا فاروق عبداللہ کیلئے ندامت کا مقام ہے کہ بھارت میں آر ایس ایس ہندوتوا حکمران جماعت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور دفعہ 35اے ختم کرکے فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی حکومت کو ختم کر کے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ،اب ضمیر فروشوں کی کیا حیثیت رہ گئی ہے جو آج پھر دہلی کے حکمرانوں کے تلوے چاٹنے اور کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کو تسلیم کرنے کے لئے قوم کو دھوکا دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کشمیر ی عوام اب بیدار ہو چکے ہیں ،انہوں نے کہا فاروق عبداللہ کا بیان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی سنگین خلاف ورزی ہھے ۔ انہوں نے کہا بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے خود اقوام متحدہ گیا تھا۔آج 70 سال سے مسئلہ مسلہ کشمیر حل طلب ہے۔ چوہدری محمد سعید نے کہا کشمیر ی عوام کے حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز قیادت افعانستان میں طالبان کے اصولوں پر مبنی موقف سے سبق حاصل کرے، امریکہ اور نیٹو افواج کی طرح بھارت کو بھی کشمیر سے نکلنا پڑے گا، بھارت طاقت کے زور پر کشمیر ی عوام کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا،انہوں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت کو روڈ میپ دے ،بھارت کی حکمراں جماعت نے ریاست میں دہشت گردی شروع کر رکھی ہے، بھارت کی اقوام متحدہ سے رکنیت ختم کر تے ہوئے بھارت کے خلاف سیاسی، سفارتی، معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرے ، انہوں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ سے درخواست کریں کہ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت کی اقوام متحدہ میں رکنیت منسوخ کی جائے۔
تازہ ترین