بھارت سے جیتے شکر ہے کفر ٹوٹا، مشن مکمل نہیں ہوا، پورا ٹورنامنٹ باقی ہے، بابر

October 25, 2021

مشن مکمل نہیں ہوا، پورا ٹورنامنٹ باقی ہے، بابر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم نے جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے پلان پر عمل کیا اور اللّٰہ کا شکر ہے کہ کفر ٹوٹ گیا اور میچ جیتے ، پوری ٹیم کو کوشش سے کامیابی ملی ۔ شاہین آفریدی کی بولنگ سے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ لیکن اس جیت سے ہمارا مشن مکمل نہیں ہوا ہے ابھی پورا ٹورنامنٹ باقی ہے۔ پورے ٹورنامنٹ میں اسی تسلسل کو قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ کوشش تھی کہ جتنا آگے جائیں گے ہمارے لیے اچھا ہوگا۔ بھارت سے مقابلے کے لیے جو پلان کیا تھا اس پر عمل کیا، سب نے 100 ‏فیصد دیا ایونٹ کا ابھی آغاز ہے ریلیکس نہیں ہوں گے۔ گیند بلے پر بہت اچھا آرہا تھا کوشش تھی جتنا لمبا کھیلیں اتنا اچھا ہے، ریلیکس نہیں ہوں ‏گے ابھی بہت لمبا راستہ طےکرنا ہے۔شاہین آفریدی کی بولنگ کو سراہتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ شاہین کی بولنگ سے اعتماد ملا جس کے بعد اسپنرز نے دباؤ بنائے رکھا۔ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اپنے پہلے ہی معرکے میں بھارت کو شکست دے کر نہ صرف تاریخ رقم کی بلکہ شائقین کرکٹ کے دل بھی جیت لیے۔ ویرات کوہلی نے پاکستان کی جیت کے بعد محمد رضوان کو گلے لگاکر مبارک باد دی۔ دوسری جانب ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان نے شروع میں ہی اچھی بولنگ ‏کی جس کی وجہ سے اچھا نہیں کھیل پائے۔پاکستانی بولرز نے اپنی کلاس کو ثابت کیا اور ہمیں آؤٹ کلاس کیا، اوس کی وجہ سے بھی بولنگ میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی کپتان نے کہا کہ ابتدائی میچ میں شکست کے بعد ہمارے لیے ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا، ابھی ایونٹ کا آغاز ہے اگلے میچز میں خامیوں کو دور کر کے اچھا کھیلیں گے۔