آئی برو اسٹائلنگ

October 29, 2021

آمنہ ماہم

برائیڈیل میک اپ ہو یا پارٹی میک اپ دونوں میں زیادہ توجہ کا حامل آنکھوں کا میک اپ ہی ہوتا ہے ۔ماہرین آرائش حُسن بھی آنکھوں کے پپوٹوں پر رنگ برنگے آئی شیڈز پوری مہارت سے لگاتے ہیں ۔اس کے مقابلے میں آئی برو کو اتنی زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی ،کیوں کہ یہی سمجھا جاتا ہے کہ صرف آنکھوں کے میک اپ کی وجہ سے ہی چہرہ خوبصورت لگتا ہے ۔لیکن فیشن کے اس جدید دور میں آئی برو کے میک اپ پر بھی خاص توجہ دی جانے لگی ہے ۔اس کو خوب صورت بنانے کے لیے مارکیٹ میں نت نئی پروڈکٹس موجود ہیں ۔

خوب صورت بننے ہوئی آئی برو میک اپ کو دو چند کر دیتی ہیں۔ ماہرین آرائش حُسن کے مطابق میک اپ کرتے ہوئے اگرآئی برو کو نظر انداز کیا جائے تو باقی میک اپ بھی اچھا نہیں لگے گا ۔ اس کا میک اپ کئی گھنٹوں تک بر قرار رہتا ہے ،یہاں تک پانی لگنے سے بھی خراب نہیں ہو تا۔ اس کے اسٹائلز کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایک طرف ویکس پین ہوتا ہے اوردوسری طرف پائوڈر۔ اسی لیے اسے تین طر یقوں سےاستعمال کیا جاسکتا ہے ،مگر یہ آپ کی پسند کے اوپر ہے ،اگر آپ آئی برو کی ساخت کو نمایاں کرنا چاہتی ہیں تو پہلے آئی برو اسٹائلز کے پین سے آئی برو کے ارد گرد لکیرکھینچ لیں ۔

اگر آپ کی آئی برو کے بالوں میں فاصلہ زیادہ ہے تو پہلے آئی برو پائوڈر کا استعمال کریں ۔اس کو آئی برو کے درمیان میں بھر لیں، اس طر ح وہ بھر ی بھری لگے گی ۔ اگر آپ کی آئی برو پتلی ہیں تو اسے موٹا بنانے کے لیے آئی برو سے باہر کی طرف لائن بنائیں اور اچھی طرح اس میں پاؤڈر بھر لیں ۔ اس طرح آئی برو گھنی اور موٹی لگیں گی ۔اس سے پورا میک اپ نمایاں ہو گا ۔اب تو مارکیٹ میں آئی برو اسٹائلز آسانی سے مل جاتے ہیں ۔اس وقت مارکیٹ میں آٹھ سے دس رنگوں کے آئی برو اسٹائلز اور پینسلز موجود ہیں ۔

اپنی بھنوئوں کے بالوں کو مدنظر رکھتے ہوئےاپنے لیے آئی برو پینسل کا انتخاب کریں ،کیوں کہ آئی بروز کے بالوں سے الگ رنگ کی پینسل بہ خوبی واضح ہوگی لیکن تھوڑی دیر میں ویکس پینسل سوکھ جاتی ہے۔اگر آپ کے پاس آئی برو اسٹائل کٹ نہیں ہے تو چاکلیٹی برائون رنگ یاکالے رنگ کے آئی شیڈو بھی استعمال کرسکتی ہیں ۔

اس سے آئی برو بھی خوبصورت لگے گی ۔آئی برو کی اسٹائلنگ میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسٹائلنگ کرنے سے پہلے آئی برو کو روئی سے صاف کرلیں ،تا کہ اس میں دھول مٹی یا چکنا ہٹ نہ ہو ۔اگر بغیر دھوئی ویکس پینسل استعمال کریںگی تو ا س کا رزلٹ اتنا اچھا نہیں آئے گا ۔یہ بات ضرور ذہن میں رکھیں کہ ویکس پینسل کی نوک تر چھی ہوتی ہے تو اسے استعمال کرنے سے پہلے تھوڑی پریکٹس لازمی کرلیں ۔ اپنی آئی برو کو ویکس پینسل کی مدد سے اچھا شیپ دیں اور خوب صورت و حسین نظر آئیں۔