تھائی لینڈ کا 8 افریقی ممالک کیلئے سفری پابندیوں کا اعلان

November 27, 2021


عالمی وباء کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر تھائی لینڈ نے بھی جنوبی افریقا سمیت 8 افریقی ممالک کیلئے سفری پابندیوں کا اعلان کردیا۔

تھائی لینڈ میڈیا کے مطابق یکم دسمبر سے جنوبی افریقا سمیت 8 افریقی ممالک سے مسافروں کی تھائی لینڈ آمد پر پابندی ہوگی۔

دوسری جانب عمان نے بھی جنوبی افریقا سمیت 7 افریقی ممالک کیلئے سفری پابندیوں کا اعلان کردیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق عمان میں جنوبی افریقا سمیت 7 افریقی ممالک پر سفری پابندیوں کا اطلاق 28 نومبر سے ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل برطانیہ، امریکا، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، آسٹریا اور یورپی یونین نے افریقی ممالک پر سفری پابندیاں لگادیں جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش نے بھی سفری پابندیاں عائد کر دیں۔

ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والی کانفرنس ملتوی کردی گئی ہے اس کے علاوہ جنوبی افریقا میں 5 دسمبر سے ہونے والا جونیئر ویمن ہاکی ورلڈ کپ روک دیا گیا ہے۔