وزیر اعظم آپ کے بیان سے ناراض ہیں، عامر ڈوگر کا سائرہ بانو کو پیغام

December 06, 2021

قومی اسمبلی میں چیف وہیپ عامر ڈوگر نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم آپ کے بیان سے سخت ناراض ہیں۔

اس کے ساتھ ہی چیف وہیپ نےقومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے تخفیف غربت کا کل ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا۔

اس اجلاس میں سائرہ بانو کو قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ دی جانی تھی، کل قائمہ کمیٹی برائے تخفیف غربت کے اجلاس میں چیئرمین کا الیکشن ہونا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قائمہ کمیٹی کی سربراہی سائرہ بانو کو دینے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف وہیپ عامر ڈوگر نے جی ڈی اے کی رکن کے بیان پر اعتراض کردیا، سائرہ بانو کا پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد بیان عامر ڈوگر کو ناگوار گزرا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعت جی ڈی اے نے حکومتی چیف وہیپ کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق جی ڈی اے کا کہنا ہے کہ عامر ڈوگر نے بغیر وجہ کے قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی تخفیف غربت کا اجلاس ملتوی کردیا۔

جی ڈی اے نے سائرہ بانو کو قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن کے لیے نامزد کیا تھا۔