شرمیلا فاروقی نے مراد راس کا ساتھ دے دیا

January 14, 2022

تبدیلی کے لیے میں مراد راس کی بات سے پوری طرح اتفاق کرتی ہوں

پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کے اسکولوں کی بندش سے متعلق رائے سے اتفاق کرلیا۔

شرمیلا فاروقی نے ٹوئٹر پر مراد راس کے گزشتہ روز کیے گئے ٹوئٹ پر ردعمل دیا اور کہا کہ میں آپ سے بالکل اتفاق کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’تبدیلی کے لیے میں مراد راس کی بات سے پوری طرح اتفاق کرتی ہوں، اسکول بند کرنے سے پہلے تمام سیلون، ریستوراں، جم، مال اور شادی ہال بند کرنے چاہئیں۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز مراد راس نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ سب مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ اسکول بند ہوں گے یا نہیں ، اگر مجھ سے میری رائے لی جائے تو اسکولوں سے پہلے دوسری سماجی سرگرمیوں کی بندش ضروری ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنا باقی پابندیوں کے بعد آخری آپشن ہونا چاہیے۔

مراد راس نے یہ بھی کہا تھا کہ پچھلے دو برسوں میں طلبہ کا جو نقصان ہوا وہ ناقابلِ تصور ہے۔