واپڈا لائن لاسز 28 فیصد کی آل ٹائم ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے

January 16, 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) واپڈا لائن لاسز 28فیصد کی آل ٹائم ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے. وزارت توانائی کے پاور ڈویژن کا سرکلر ڈٹ (گردشی قرضہ) 25سو ارب روپے تک پہنچ گیا۔ او جی ڈی سی ایل کمپنی کا تیل اور گیس کا گردشی قرضہ 7سو ارب روپے ہوگیا ہے، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کا گردشی قرضہ 4سو ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز نے او جی ڈی سی ایل سوئی نادرن گیس پائپ لائن کمپنی اور سوئی سدرن گیس پائپ لائن کمپنی سے گیس لی‘ اس سے بجلی بنائی مگر واپڈا نے آئی پی پیز کو ادائیگی نہیں کی۔ واپڈا کے لائن لاسز 28فیصد تک ہوگئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش‘ سری لنکا‘ انڈیا تک میں لائن لاسز 7سے 10فیصد بتائے گئے ہیں۔ پاکستان کے بلوچستان اور کے پی کے کے صوبوں میں وسیع پیمانے پر بجلی سرعام چوری کی جارہی ہے مگر اس کا تدارک کرنے میں حکومت تاحال ناکام ہے اسی طرح گیس کمپنیوں سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ، او جی ڈی سی ایل ، پی پی ایل کا گیس کا سرکلر ڈٹ 1100 ارب روپے تک ہوگیا ہے۔