بھارت میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی نسل کشی ہوسکتی ہے، امریکی کانگریس کو بریفنگ

January 18, 2022

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)جینو سائیڈ واچ کے بانی اور ڈائریکٹر گریگوری اسٹینٹن نے خبردار کیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی ہونے والی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گریگوری اسٹینٹن نے امریکی کانگریس کی بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کی ریاست آسام اور مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے ابتدائی ’علامات اور عمل‘ موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم خبردار کر رہے ہیں کہ بھارت میں بڑے پیمانے پر نسل کشی ہو سکتی ہے،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کی حکومت کی امتیازی پالیسیوں میں مماثلت ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور غیر مقامی افراد کو جائیداد بنانے کی پالیسی کا تذکرہ کیا۔انہوں نے 2019 میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی خود مختار حیثیت کی منسوخی اور اسی سال شہریت ترمیمی ایکٹ کے تحت مسلمانوں کے علاوہ مذہبی اقلیتوں کو شہریت دینے کا تذکرہ کیا۔ورجینیا کی جارج میسن یونیورسٹی میں نسل کشی کے مطالعہ اور روک تھام کے لیکچرار گریگوری اسٹینٹن نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ایسا ہی کیا جائے گا جیسے میانمار میں روہنگیا کو پہلے قانونی طور پر غیر شہری قرار دیا گیا اور پھر تشدد اور نسل کشی کے ذریعے نکال دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں جس چیز کا سامنا ہے وہ بالکل اسی طرح کی سازش ہے۔گریگوری اسٹینٹن نے کہا کہ ہندوتوا نظریہ ’بھارت کی تاریخ اور اس کے آئین کے خلاف ہے۔انہوں نے نریندر مودی کو ایک ’انتہاپسند‘ قرار دیا جس نے حکومت پر قبضہ کر لیا ہے۔